پاک افواج کی ملک و قوم کیلئے خدمات کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں‘شہباز شریف، ڈاکٹروں کے حلف کا تقاضا ہے کہ وہ اپنی خوشیاں دوسروں کی خوشیاں واپس لانے کیلئے قربان کردیں ‘ وزیراعلیٰ،”آج بچے بچیوں پر سبقت لے جاتے نظر آ رہے ہیں“وزیراعلیٰ کا کانووکیشن سے خوشگوار انداز میں خطاب

ہفتہ 15 فروری 2014 19:27

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15 فروری ۔2014ء) وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے سی ایم ایچ میڈیکل کالج لاہور کے دوسرے کانووکیشن کی تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی اور انتہائی خوشگوار انداز میں شرکاء سے خطاب کیا۔ گولڈمیڈل حاصل کرنے والے گریجوایٹ ڈاکٹرز اور لیڈی ڈاکٹرز جب اپنی نشستوں پر کھڑے ہوئے تو اس پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ اگرچہ خواتین زندگی کے ہر میدان میں مردوں سے سبقت لے رہی ہیں تاہم یہاں معاملہ برعکس نظر آتا ہے اور گولڈمیڈل حاصل کرنے والے گریجوایٹ ڈاکٹرز کی تعداد لیڈی ڈاکٹرز کے مقابلے میں زیادہ ہے۔

آج بچے بچیوں سے سبقت لے جاتے نظر آ رہے ہیں اور میں سمجھتا ہوں کہ مقابلے کا رجحان آگے بڑھنے کی جستجو کو مزید تقویت دیتا ہے۔ وزیراعلیٰ نے اپنے خطاب میں پاک افواج کی ملک اور قوم کیلئے خدمات کو شاندار الفاظ میں سراہتے ہوئے کہا کہ سیلاب، زلزلے یا کسی بھی قدرتی آفت میں پاک افواج نے ہمیشہ بڑھ چڑھ کر امدادی کاموں میں حصہ لیا ہے اور مجھے یاد ہے کہ جب پنجاب میں ڈاکٹرز ہڑتال پر گئے تو اس وقت کے آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی نے ہماری درخواست پر پاک افواج کے ڈاکٹرز، نرسز اور پیرامیڈیکل سٹاف کو ہسپتالوں میں بھجوایا اور انہوں نے دن رات دکھی انسانیت کی خدمت کی۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے گریجوایٹ ڈاکٹرز کو محنت اور دکھی انسانیت کی بے لوث اور بلاامتیاز خدمت کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے حلف کا تقاضا ہے آپ اپنی خوشیاں دوسروں کی خوشیاں واپس لانے کیلئے قربان کردیں اور یہی آپ کے عظیم پیشے کی عظمت ہے۔ وزیراعلیٰ نے گریجوایٹ ڈاکٹرز کو ان کی کامیابی پر مبارکباد پیش کی اور اور بہترین کارکردگی دکھانے والے گریجوایٹ ڈاکٹرز کو گولڈمیڈل پہنائے۔