پرامن افغانستان خطے کے استحکام کیلئے نہایت ضروری ہے ، امریکہ پر واضح کر چکے ہیں ڈرون حملے کسی صورت قبول نہیں ،وزیر اعظم نواز شریف کا ترک ٹی وی کو انٹرویو

ہفتہ 15 فروری 2014 13:18

پرامن افغانستان خطے کے استحکام کیلئے نہایت ضروری ہے ، امریکہ پر واضح ..

انقرہ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 15فروری 2014ء) وزیر اعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ پرامن افغانستان خطے کے استحکام کیلئے نہایت ضروری ہے ، امریکہ پر واضح کر چکے ہیں ڈرون حملے کسی صورت قبول نہیں ، پاکستان کو گیس اور بجلی سمیت توانائی کی کمی کا سامنا ہے ، ترک کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کریں ۔ ترک ٹیلی ویژن اور ریڈیو کو دیئے گئے انٹرویو میں وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا کہ پاکستان اس بات پر یقین رکھتا ہے کہ افغانستان میں امن بہت ضروری ہے اور افغانستان میں استحکام کامطلب یقینا خطے کے ساتھ ساتھ پاکستان کا بھی استحکام ہے۔

سہ فریقی سربراہ اجلاس کے دوران افغانستان کی صورتحال پر بات چیت کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ پاکستان افغانستان اور ترکی نے مفید اور تعمیری بات چیت کی، اجلاس کے دوران اس بات پر اتفاق رائے تھا کہ ہم سب کو افغانستان کا استحکام یقینی بنانے کیلئے افغانستان کو مضبوط بنانا ہوگا اور اس بات کو بھی یقینی بنانا ہوگا کہ افغانستان میں انتخابی عمل اور ایک حکومت سے دوسری حکومت کو اقتدار کی منتقلی پرامن طریقہ سے ہو۔

(جاری ہے)

ڈرون حملوں کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہاکہ ہم نے ہمیشہ ڈرون حملوں کی سخت مخالفت کی ہے کیونکہ ہمارا یہ یقین ہے کہ یہ پاکستان کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی ہے،ہم امریکی انتظامیہ پر یہ بات واضح کر چکے ہیں کہ ہمیں یہ کسی صورت بھی قابل قبول نہیں۔ ترکی اور پاکستان کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے بارے میں وزیراعظم نے کہاکہ پاکستانی عوام ترکی اور ترک عوام کے ساتھ دلی لگاؤ رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ہم ترک تاجر برادری کے ساتھ مشترکہ پارٹنر شپ کے حصول کیلئے مواقعوں کی تلاش کر رہے ہیں تاکہ وہ ایک دوسرے کے ملک میں سرمایہ کاری کر سکیں۔ وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان کو توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کی ضرورت ہے کیونکہ اسے گیس اور بجلی سمیت توانائی کی کمی کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے ترک کمپنیوں کو پاکستان کے توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کرنے کی دعوت دی ہے۔