وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف سے وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان کی ملاقات‘ سکیورٹی کی صورتحال پر تبادلہ خیال،پاک فوج نے دفاع پاکستان کے لئے بیش بہا قربانیاں دے کر ایک نئی داستان رقم کی ہے،پاک فوج کو سیاسی پارٹیوں اور عوام کی بھرپور حمایت حاصل ہے‘ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف، سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لئے پاک فوج کی استعداد اور صلاحیتوں کے بارے میں کسی قسم کا ابہام نہیں ہونا چاہیے، فوجی آپریشن کی صورت میں کامیابی کے 40فیصد امکانات کا حوالہ سیاق و سباق سے ہٹ کر ہے‘وزیرداخلہ

جمعہ 14 فروری 2014 22:41

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14 فروری ۔2014ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان نے یہاں ملاقات کی اور ملک خصوصاً پنجاب میں سکیورٹی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا-ملاقات کے دوران طالبان کے ساتھ جاری مذاکرات کا عمل زیربحث آیا۔ چوہدری نثار علی خان نے وزیراعلی کو اس ضمن میں ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا- بعض سیاسی رہنماؤں کی جانب سے ملٹری آپریشن کے ذریعے کامیابی کے امکانات کے متعلق سیاسی بیانات کی وضاحت کرتے ہوئے چوہدری نثار علی خان نے وزیراعلیٰ کو بتایا کہ پاکستان کے کسی بھی حصے میں سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لئے پاک فوج کی استعداد اور صلاحیتوں کے بارے میں کسی قسم کا ابہام نہیں ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے بنوں کے واقعہ کے پس منظر میں وزیرستان میں ٹارگٹڈ آپریشن اور سوات میں امن اور سکیورٹی کی بحالی کے ذریعے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ فوجی آپریشن کی صورت میں کامیابی کے 40فیصد امکانات کا حوالہ سیاق و سباق سے ہٹ کر ہے-انہوں نے کہا کہ حکومت مطلوبہ مقاصد کے حصول کے لئے مذاکرات کے عمل کو صحیح سمت میں آگے بڑھا رہی ہے- انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان ملک میں سکیورٹی کی صورتحال کو یقینی بنانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں-وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج نے دفاع پاکستان کے لئے بیش بہا قربانیاں دے کر ایک نئی داستان رقم کی ہے-انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام اور حکومت کو مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں پر بھرپور اعتماد ہے-وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاک فوج کے مورال اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں پر اثر انداز ہونے والے بیانات سے ہر صورت گریز کیا جاناچاہیے۔

انہوں نے کہا کہ پاک فوج کو سیاسی پارٹیوں اور عوام کی بھرپور حمایت حاصل ہے- ملاقات میں پنجاب میں پولیس کی استعداد کار میں اضافے کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا-