ترک کاروباری گروپ پاکستان کے ترقیاتی شراکت دار بنیں، سرمایہ کاری کو تحفظ فراہم کیا جائے گا ،وزیر اعظم نواز شریف کی دعوت ، ترک کمپنیوں کو بجلی گھروں کے قیام میں ہر ممکنہ مدد دی جائے گی ،حکومت انفارمیشن ٹیکنالوجی، ٹیکسٹائل سمیت مختلف شعبوں میں مزید غیر ملکی سرمایہ کاری راغب کر رہی ہے ، وزیراعظم نواز شریف کی ترکی کے سرکردہ کاروباری گروپوں کے چیئرمینوں اور چیف ایگزیکٹو افسران سے گفتگو

جمعہ 14 فروری 2014 20:30

استنبول (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14 فروری ۔2014ء) وزیراعظم محمد نواز شریف نے ممتاز ترک کاروباری گروپوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے حکومت کی بھرپور معاونت اور زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی کا یقین دلاتے ہوئے ان پر زور دیا کہ وہ پاکستان کے ترقیاتی شراکت دار بنیں، ان کی سرمایہ کاری کو تحفظ فراہم کیا جائے گا۔ حکومت توانائی ، انفراسٹرکچر، کم لاگت کی رہائش ، شہری خدمات، زراعت پر مبنی صنعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، ٹیکسٹائل سمیت مختلف شعبوں میں مزید غیر ملکی سرمایہ کاری راغب کر رہی ہے ۔

ووہ ترکی کے سرکردہ کاروباری گروپوں کے چیئرمینوں اور چیف ایگزیکٹو افسران سے جمعہ کو یہاں گفتگو کررہے تھے ملاقاتوں کے دوران وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ محمد آصف، وزیراعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی و خارجہ امور سرتاج عزیز، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی، سرمایہ کاری بورڈ کے چیئرمین مفتاح اسماعیل بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے ترک کاروباری شخصیات کو اپنی حکومت کی طرف سے اٹھائے جانے والے اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا جس کے نتیجے میں جی ڈی پی کی سہ ماہی شرح 2.9 فیصد سے 5فیصد تک بڑھی ہے۔

کراچی سٹاک ایکسچینج میں تقریباً 17فیصد اضافہ ہوا۔ غیر ملکی ترسیلات زر بڑھیں اور کاروباری سرگرمیوں کو فروغ ملا ہے۔ نواز شریف نے کہا کہ موجودہ حکومت جی ڈی پی کی شرح نمو کو 6فیصد سے زائد بڑھانے اور توانائی ، انفراسٹرکچر، کم لاگت کی رہائش ، شہری خدمات، زراعت پر مبنی صنعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، ٹیکسٹائل سمیت مختلف شعبوں میں مزید غیر ملکی سرمایہ کاری راغب کر رہی ہے۔

وزیراعظم سے ملاقات کرنے والی کمپنیوں کے سربراہان میں کوک گروپ کے چیئرمین مصطفیٰ کوک، نورل گروپ کے وائس چیئرمین اوگوس کارمیکلی ، گاما ہولڈنگ کے سی ای او ڈپٹی چیئرمین حاقان اوزمان، لیماک ہولڈنگ کے چیئرمین نیہات اوزدمیر، چیئرمین آئی سی ہولڈر ابراہیم سیسن، ایس ٹی ایف اے کے چیئرمین ایلپ یاسین ، البارک گروپ کے چیئرمین احمد البارک ، زورلو ہولڈنگ کے چیئرمین احمد زورلو، اے ٹی اے ہولڈنگ کے صدر کورحان کرداولو اور سائنر گروپ کے چیئرمین اور سی ای او ترگے سائنر شامل تھے۔

کوک گروپ نے الیکٹریکل مصنوعات کی تیاری، ڈیری ڈویلپمنٹ اور بسوں کی تیاری میں سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کی۔ بعدازاں تیار شدہ مصنوعات پاکستان سے درآمد کی جا سکتی ہیں۔ وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان ملک کے نجی شعبہ کے ساتھ ان کی شراکت داری میں سہولت اور حوصلہ افزائی کرے گا۔ لیماک گروپ کے ساتھ ملاقات میں وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ ترک کمپنیوں کو بجلی گھروں کے قیام میں ہر ممکنہ مدد دی جائے گی۔

کمپنی کے نمائندوں نے کہا کہ انہوں نے گڈانی پاور پارک میں کوئلے سے چلنے والے بجلی گھروں، ونڈ انرجی میں سرمایہ کاری اور بی او ٹی کی بنیاد پر شاہرات کی تعمیر کے لئے بنیادی تقاضے پورے کر لئے ہیں۔ نورل گروپ کا کہنا تھا کہ انہوں نے داسو ہائیڈروپاور منصوبے ،لاہور کراچی موٹروے اور کوئلے سے چلنے والے منصوبے، پن بجلی کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کا جائزہ لیا ہے۔ وزیراعظم نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ گروپ ان منصوبوں کے تکنیکی جائزے کو حتمی شکل دے گا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ان کی سرمایہ کاری کو تحفظ فراہم کیا جائے گا۔