Live Updates

اسلام طاقت کے زور پر لوگوں کو قبول اسلام پر مجبور کرنے کی قطعاً اجازت نہیں دیتا‘ عمران خان ،طالبان کی جانب سے ویڈیو پیغام میں کیلاش کے اسماعیلی فرقے سے تعلق رکھنے والے افراد کو دھمکیاں قابل مذمت ہیں، چیئرمین پاکستان تحریک انصاف ،کیلاش کے صلح جو اور امن پسند لوگ پاکستانی قوم کا حصہ ہیں ، عقائد اور طرز حیات کا احترام کیا جانا چاہیے، بیان

جمعہ 14 فروری 2014 20:27

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14 فروری ۔2014ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے طالبان کی جانب سے ویڈیو پیغام میں کیلاش کے اسماعیلی فرقے سے تعلق رکھنے والے افراد کو دھمکیوں پر ناپسندیدگی اورمذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کیلاش کے صلح جو اور امن پسند لوگ پاکستانی قوم کا حصہ ہیں چنانچہ ان کے عقائد اور طرز حیات کا احترام کیا جانا چاہیے، اور ریاست ان کی سلامتی کا تحفظ یقینی بنائے۔

اپنے بیان میں تحریک طالبان پاکستان کی جانب سے کیلاش قبائل کو دھمکیوں پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ طالبان کا یہ اقدام قرآن و سنت کی تعلیمات سے واضح انحراف ہے اور اسلام طاقت کے زور پر لوگوں کو قبول اسلام پر مجبور کرنے کی قطعاً اجازت نہیں دیتا۔

(جاری ہے)

ان کا مزید کہنا ہے کہ نبی مہربانﷺ نے میثاق مدینہ میں اقلیتوں کے احترام کی ضمانت فراہم کی تھی ۔

اپنے بیان میں چیئرمین تحریک انصاف نے نشاندہی کی کہ اسماعیلی فرقے سے وابستہ افراد نے قیام پاکستان سے آج تک ملک کی تعمیر وترقی میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ ملک میں عدم برداشت اور شدت پسندانہ جذبات کے بڑھتے ہوئے رجحان کا خاتمہ ہونا چاہیے۔ ریاست سے شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے ان کا کہنا ہے کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان کا آئینی ریاست کو تمام شہریوں کی زندگیوں کو محفوظ بنانے کا پابند بناتاہے۔

انہوں نے ملک بھر میں آئین کے یکساں نفاذ کا بھی مطالبہ کیا۔ چیئرمین تحریک انصاف نے واضح کیا کہ ان کی جماعت پاکستان میں بسنے والے تمام طبقات کا احترام کرتی ہے اور پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اقلیتوں کے کردار کا اعتراف کرتی ہے۔ ان کے مطابق ملک میں بسنے والے کسی بھی پرامن فرقے کو ہراساں کرنا پوری قوم کو دھمکانے کے مترادف ہے جسے قبول نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ بڑھتا ہوا فتنہ فساد اور معصوم شہریوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کا قتل بات چیت کے ذریعے امن کے حصول کو مشکلات سے دوچار کر رہا ہے جس سے صرف ملک و قوم کے دشمنوں کے مفادات ہی کی آبیاری ہوتی ہے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات