دہشت گردی پر قابو پانے کیلئے حکومت اور افواج کا موقف یکساں ہے: اسحاق ڈار

جمعہ 14 فروری 2014 19:31

دہشت گردی پر قابو پانے کیلئے حکومت اور افواج کا موقف یکساں ہے: اسحاق ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14فروری۔2014ء) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ دہشت گردی پر قابو پانے کے لئے حکومت اور مسلح افواج کا موقف یکساں ہے۔ امریکہ اتحادی سپورٹ فنڈ کے بقایاجات کی ادائیگی کا عمل تیز کرے۔ امریکہ ایوان نمائندگان کی کمیٹی برائے دفاع کے وفد نے راڈنی پی فریلینگسن کی سربراہی میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے اسلام آباد میں ملاقات کی۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ رواں سال افغانستان سے اتحادی فوج کے انخلاء کے پیش نظر خطے کی بدلتی ہوئی صورت حال میں پاکستان کو مالی تعاون کی ضرورت ہے۔ امریکہ اتحادی سپورٹ فنڈ کی مد میں بقایاجات کی ادائیگی کا عمل تیز کرے۔ وزیر خزانہ نے امریکی وفد کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کو ہونے والی جانی و مالی نقصان کے بارے میں آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی پر قابو پانے سے متعلق ترجیحی حکمت عملی کی تیاری میں سیاسی حکومت اور مسلح افواج کا موقف یکساں ہے۔

امریکی وفد نے یقین دلایا کہ اتحادی سپورٹ فنڈز کی مد میں واجبات کی ادائیگی کا عمل تیز اور آسان بنانے کے لئے پاکستان کی مدد کی جائے گی۔ امریکی کمیٹی برائے دفاع کے نمائندوں نے تجویز دی کہ پاکستان ترقی کی جانب گامزن ہونے کے لئے معیشت، توانائی اور سیکیورٹی جیسے مسائل پر ترجیحٰ بنیادوں پر توجہ دے۔ پاکستان میں امریکہ کے سفیر رچرڈ اولسن بھی اس موقع پر موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :