پاکستان کیخلاف ٹی ٹونٹی اور ون ڈے سیریز کھیلنے بھارتی بلائنڈ کرکٹ ٹیم واہگہ کے راستے لاہور پہنچ گئی،پاکستان پہنچنے پر بلائنڈ کرکٹ کونسل کے عہدیداروں نے مہمان ٹیم اور آفیشلز کا پرتپاک استقبال کیا ،پھولوں کے ہار پہنائے گئے، کرکٹ کے کھیل سے دونوں ممالک قریب آ سکتے ہیں ،سیریز جیتنے کی کوشش کرینگے ‘ بھارتی کپتان اور کھلاڑیوں کی گفتگو

جمعہ 14 فروری 2014 19:14

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14 فروری ۔2014ء) پاکستان کے خلاف ٹی ٹونٹی اور ون ڈے سیریز میں شرکت کے لئے بھارتی بلائنڈ کرکٹ ٹیم واہگہ کے راستے لاہور پہنچ گئی،پاکستان پہنچنے پر بلائنڈ کرکٹ کونسل کے عہدیداروں نے مہمان ٹیم اور آفیشلز کا پرتپاک استقبال کیا اور انہیں پھولوں کے ہار پہنائے ۔ٹیم ٹریفک جام ہونے کی وجہ سے ایک روز تاخیر سے پاکستان پہنچی ۔

بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان اور کھلاڑیوں نے کہا کہ انہیں پاکستان آکر خوشگوار احساسات ہو رہے ہیں ۔ گزشتہ دورہ کے دوران بھی پاکستانیوں نے بھرپورمحبت دی تھی اور اب بھی امید کرتے ہیں کہ اس دورے سے دونوں ممالک کی عوام ایک دوسرے کے قریب آئیں گے ۔انہوں نے کہا کہ کھیلوں کے مقابلوں کے ذریعے دونوں ممالک ایک دوسرے کے قریب آ سکتے ہیں اور کرکٹ ایسا کھیل ہے جسے دونوں ممالک میں بیحد پسند کیا جاتا ہے ۔

(جاری ہے)

ٹیم کے کپتان نے کہا کہ سیریز کے لئے کھلاڑیوں نے بھرپورمحنت کی ہے اور سیریز جیتنے کی بھرپور کوشش کریں گے ۔شیڈول کے مطابق پاکستان اور بھارت کے مابین تین ٹی ٹونٹی اور تین ون ڈے میچز کی سیریز کھیلی جائے گی ۔دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹی ٹونٹی میچ 15فروری کو باغ جناح لاہور میں جبکہ بالترتیب دوسرا ور تیسرا 16اور 17فروری کو فیصل آباد میں کھیلے جائیں گے ۔تینوں ون ڈے میچ کراچی میں کھیلے جائیں گے جو بالترتیب 19،21اور 23فروری کو نیشنل سٹیڈیم کراچی میں منعقد ہوں گے ۔