فاٹا اور خیبر پختونخواہ کے آئی ڈی پیز فنکاروں کی مالی اعانت کے لئے وزیراعظم نے فنڈز فراہم کردئیے وزارت اطلاعات لائحہ عمل بنا رہی ہے،سرکاری پروگراموں میں مدعو فنکاروں کو معاوضوں کی ادائیگی میں علاقہ یا صوبہ کی بنیاد پر فرق نہیں رکھا جاتا۔ وزیر اطلاعات پرویز رشید کا سینٹ میں جواب

جمعہ 14 فروری 2014 17:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 14فروری 2014ء ) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے کہا ہے کہ وزیراعظم نوازشریف نے فاٹا اور خیبر پختونخواہ میں بدامنی کی وجہ سے بے گھر ہونے والے فنکاروں کی مالی اعانت کیلئے فنڈز فراہم کئے ہیں وزارت اطلاعات آئی ڈی پیز فنکاروں کی امداد کیلئے لائحہ عمل تشکیل دیے رہی ہے ۔ سرکاری سطح پر انعقاد کئے جانے پروگراموں میں فنکاروں کوتقریب کے موضوع کے مطابق مدعو کیا جاتا ہے فنکاروں کو معاوضہ دینے میں ان کی مارکیٹ حثیت دیکھی جاتی ہے کسی قسم کا تعصب روا نہیں رکھا جاتا ۔

جمعہ کو سینٹ اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران اراکین سینٹ کے سوالات کے جواب دیتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات پرویز رشید نے کہا کہ فاٹا اور خیبر پختونخواہ میں فنکاروں کیلے زندگی مشکل ہو گئی جس کی وجہ سے بہت سے فنکار آئی ڈی پیز ہیں اور دوسرے شہروں اور صوبوں میں منتقل ہوئے ہیں ۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے وزارت اطلاعات کو ان آئی ڈی پیز فنکاروں کی مالی اعانت کیلئے فنڈز فراہم کر دئیے ہیں اور وزارت اطلاعات آئی ڈی پیز فنکاروں کی مالی اعانت کیلے لائحہ عمل تشکیل دے رہی ہے ۔

سینیٹر حاجی عدیل کے استفسار پر وزیر اطلاعات پرویز رشید نے بتایا کہ گزشتہ دس برسوں سے پاکستان میں تفریحی سرگرمیاں انحطاط پذیر ہیں حکومت اس صورتحال میں فنکاروں کے مختلف پروگراموں کا انعقاد کرتی ہے ان پروگراموں میں فنکاروں کو تقریب کے موضوع کے حوالے سے مدعو کیا جاتا ہے اور فنکاروں کو معاوضہ ان کی مارکیٹ میں حثیت کو دیکھتے ہوئے دیا جاتا ہے اس معاملے میں کوئی تعصب روا نہیں رکھا جاتا۔

علاقہ یا صوبہ کی بنیاد پر فنکاروں کے معاوضے میں کوئی فرق نہیں کیا جاتا ، پاکستان کے تمام علاقوں سے ان پروگراموں میں شرکت کیلئے آئے فنکاروں کو یکساں اہمیت دی جاتی ہے ۔ وزیراطلاعات نے بتایا کہ حیدر آباد میں ریڈیو ٹرانسمیٹر گذشتہ سال فروری میں نصب ہو گیا تھا جبکہ ٹرانسمیٹر کو مکمل آپریشن کرنے میں مزید وقت لگا اور اب یہ ٹرانسمیٹر آئندہ ماہ سے کام شروع کر دے گا۔