طالبان حملے کے بعد مذاکراتی کمیٹیوں کے درمیان اہم اجلاس اسلام آباد میں شروع

جمعہ 14 فروری 2014 15:54

طالبان حملے کے بعد مذاکراتی کمیٹیوں کے درمیان اہم اجلاس اسلام آباد ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 14فروری 2014ء) کراچی میں طالبان کی جانب سے پولیس بس پر حملے کی ذمہ داری قبول کرنے کے بعد حکومت اور طالبان کے درمیان مذاکرات سے متعلق دونوں کمیٹیوں کے درمیان اہم اجلاس شروع ہوگیا ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق حکومت اور طالبان کی کمیٹیوں کے درمیان اجلاس خیبر پختونخوا ہاؤس اسلام آباد میں شروع ہوچکا ہے جس میں دونوں کمیٹیوں کے اراکین شریک ہیں، ذرائع کے مطابق اجلاس میں طالبان کی طرف سے گذشتہ روز کراچی میں پولیس بس پر کئے گئے حملے کے بعد پیدا ہونے والی نئی صورتحال کا جائزہ اور اس پر طالبان کمیٹی کا موقف لیا جائے گا جب کہ طالبان کی رابطہ کار کمیٹی طالبان شورٰی سے ہونے والی بات چیت پر حکومتی کمیٹی کو اعتماد میں لے گی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی میں پولیس اہلکاروں کی بس پر حملے کے نتیجے میں 13 اہلکار جاں بحق جب کہ پولیس اہلکاروں سمیت 50 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔ کالعدم تحریک طالبان نے حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا تھا کہ حملہ سیکیورٹی اداروں کی جانب سے ان کے ساتھیوں کو قتل کرنے کا بدلہ ہے اور اس طرح کے حملے اس وقت جاری رہیں گے جب تک جنگ بندی کا اعلان نہیں کیا جاتا۔

متعلقہ عنوان :