کراچی آپریشن طالبان کے نہیں، ایم کیو ایم کیخلاف ہے، اظہار الحسن

جمعہ 14 فروری 2014 15:53

کراچی آپریشن طالبان کے نہیں، ایم کیو ایم کیخلاف ہے، اظہار الحسن

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 14فروری 2014ء) ایم کیو ایم کے رہنما اظہار الحسن کا کہنا ہے کہ کراچی آپریشن طالبان کے خلاف نہیں بلکہ ایم کیو ایم کے خلاف کیا جارہا ہے۔وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے ایم کیو ایم کے الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں آپریشن کسی ایک جماعت کے خلاف نہیں بلکہ بلا امتیاز کیا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

سندھ اسمبلی کا اجلاس اسپیکر آغاسراج درانی کی زیر صدارت ہوا، اجلاس میں کراچی آپریشن کے معاملہ پرایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی کے اراکین کے درمیان گرما گرمی ہوئی۔ متحدہ کے رہنما اظہار الحسن نے الزام لگایا کہ ایم کیو ایم کے کارکنوں کو بلا جواز گرفتار کیا جارہا ہے،جبکہ کئی کارکن لاپتہ ہیں، آپریشن صرف ایک ہی جماعت کے خلاف کیا جارہا ہے۔اظہار الحسن کے الزامات کا جواب دیتے ہوئے شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ آپریشن متنازع نہیں ، ٹارگٹ کلرز بھی گرفتار ہوئے ہیں،عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔