مالی سال کے ابتدائی سات ماہ میں تجارتی خسارے میں 4.55 فیصدکمی

جمعہ 14 فروری 2014 12:14

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 14فروری 2014ء)گذشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے پہلے سات مہینوں (جولائی 2013ء تا جنوری2014ء) کے دوران ملک کے تجارتی خسارے میں 4.55 فیصد کی کمی ہوئی ہے ۔

(جاری ہے)

ادارہ برائے شماریات پاکستان کے اعدادوشمارکے مطابق جولائی تا جنوری 2013-14ء کے دوران ملک کا تجارتی خسارہ11.109 ارب ڈالر تک کم ہوگیا جبکہ گذشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران تجارتی خسارہ11.638 ارب ڈالر تھا۔

رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کے دوران ملکی برآمدات میں ہونے والے اضافہ اور درآمدات میں معموبی کمی کے باعث تجارتی خسارہ کم ہوا ہے۔ گذشتہ مالی سال 2012-13ء کے اختتام پرملک کا تجارتی خسارہ20.432 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا جبکہ اس سے پچھلے مالی سال کے دوران ملکی تجارتی خسارہ21.288 ارب ڈالر رہا تھا۔ اس طرح گذشتہ مالی سال کے اختتام پر ملک کے تجارتی خسارہ میں 4.02 فیصد تک کم ہواتھا۔