وفاقی وزیر داخلہ نے کراچی آپریشن میں شریک ٹیم کو تبدیل نہ کرنے کا عندیہ دیدیا، آپریشن کے حوالے سے ایم کیو ایم کے تحفظات اور دیگر شکایات کے ازالے کے لئے سندھ حکومت فوری اقدامات کرے گی، وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان

جمعرات 13 فروری 2014 00:01

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13 فروری ۔2014ء) کراچی میں آپریشن جاری رکھا جائے گا اور آپریشنل ٹیم کو تبدیل نہیں کیا جائے گا۔ آپریشن کے حوالے سے ایم کیو ایم کے تحفظات اور دیگر شکایات کے ازالے کے لئے سندھ حکومت فوری اقدامات کرے گی اور تمام شکایات کا مرحلہ وار جائزہ لے کر قانون کے مطابق ان کو حل کیا جائے گا۔ اس بات کا فیصلہ گورنر ہاؤس میں ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس میں کیا گیا۔

اجلاس میں وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان، گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان، وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں 5 ستمبر 2013ء سے شروع ہونیو الے کراچی آپریشن کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور آپریشن کے پہلے اور دوسرے مرحلے کے اہداف اور حتمی مرحلے کے حوالے سے بھی مشاورت کی گئی۔

(جاری ہے)

اس اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ کراچی آپریشن کا حتمی مرحلہ فاسٹ ٹریک پر مبنی ہوگا اور جرائم پیشہ عناصر سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں ایم کیو ایم کی شکایات خصوصاً ماورائے عدالت قتل اور لاپتہ کارکنان کی بازیابی کے حوالے سے بھی مشاورت کی گئی۔ اس حوالے سے طے کیا گیا کہ ان کارکنان کی بازیابی کے لئے بھی وفاقی اور سندھ حکومت مل کر اقدامات کریں گی۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ آپریشن ٹیم کے کپتان ہیں۔ آپریشن آپ کی نگرانی میں ہی آخری مرحلے تک جاری رکھا جائے گا۔ اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ آپریشنل ٹیم کو تبدیل نہیں کیا جائے گا اور آپریشن کو مکمل آپریشنل پلاننگ کے تحت جاری رکھا جائے گا۔