وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کی زیر صدارت اعلی سطح کا اجلاس ،صوبے میں امن وامان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا،اجلاس میں محکمہ جیل خانہ جات کے ملا زمین کیلئے شہداء پیکیج 30لاکھ روپے سے بڑھا کر ایک کروڑ روپے کرنے کی منظوری،ایلیٹ ٹریننگ کرنے والے جیل ملازمین کو ایلیٹ الاؤنس دینے اور محکمہ جیل خانہ جات میں ہیڈ وارڈنز اور وارڈنز کی بھرتی کی بھی منظوری،عوام کے جان ومال کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے ، پولیس اپنے فرائض محنت اور جانفشانی سے سر انجام دے‘ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف

جمعرات 13 فروری 2014 22:08

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13 فروری ۔2014ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیرصدارت یہاں ایوان وزیراعلی میں صوبے میں امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لینے کے حوالے سے اعلیٰ سطح اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں محکمہ جیل خانہ جات کے ملا زمین کیلئے شہداء پیکیج 30لاکھ روپے سے بڑھا کر ایک کروڑ روپے کرنے ،ایلیٹ ٹریننگ کرنے والے جیل ملازمین کو ایلیٹ الاؤنس دینے اور محکمہ جیل خانہ جات میں ہیڈ وارڈنز اور وارڈنز کی بھرتی کی منظوری دی گئی۔

صوبائی وزراء رانا ثناء اللہ خان، کرنل (ر) شجاع خانزادہ، مشیر رانا مقبول ، انسپکٹر جنرل پولیس، سیکرٹریز داخلہ ، پراسیکیوشن ، اطلاعات اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ملک انتہائی نازک صورتحال سے گزر رہاہے۔

(جاری ہے)

امن وامان کی صورتحال کو مزید بہتر بنانے کے لئے تمام ضروری ا قدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔

عوام کے جان و مال کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے۔ پولیس کو پہلے بھی وسائل فراہم کئے ہیں آئندہ بھی مزید وسائل دیں گے۔ پولیس جانفشانی سے فرائض سر انجام دے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھے۔ انہوں نے کہاکہ انسداد دہشت گردی فورس کی استعداد کار میں اضافہ کیا جائے گا۔ انسداد دہشت گردی فورس کے اہلکاروں کے لئے جدید تربیت کا اہتمام کیا جا رہاہے۔

انسداد دہشت گردی فورس میں بھرتیوں کے عمل کو انتہائی شفاف بنایا گیاہے۔ وزیراعلی نے ہدایت کی کہ محکمہ جیل خانہ جات میں بھرتی کا تمام عمل شفاف طریقے سے مکمل کیاجائے، محکمہ انسداد دہشت گردی کی سٹرکچرنگ کا عمل جلد مکمل کیا جائے۔ جیلوں میں موبائل فونز کے مکمل سدباب کے لئے موثر اقدامات کئے جائیں۔ صوبے کے داخلی اور خارجی راستوں کی سخت نگرانی کی جائے۔ انہوں نے کہاکہ ایلیٹ فورس کو ان کے چارٹر کے مطابق فرائض تفویض کر دئیے گئے ہیں۔ اجلاس کے دوران محکمہ انسداد دہشت گردی کی استعداد کا ر میں اضافے اور ری سٹرکچرنگ،ایلیٹ فورس کے بہتر استعمال اور محکمہ جیل خانہ جات کی کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔