صوبے میں تبدیلی آ چکی ہے،سراج الحق، عوام اب پٹوار خانوں اور پولیس تھانوں میں تبدیلی محسوس کر سکتے ہیں، سینئر وزیرکااعلی سطح اجلاس سے خطاب

جمعرات 13 فروری 2014 20:54

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13 فروری ۔2014ء) خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر و نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ صوبے میں تبدیلی آ چکی ہے اور عوام اب پٹوار خانوں اور پولیس تھانوں میں تبدیلی محسوس کر سکتے ہیں۔کرپشن کے خاتمے پر بھی کافی حد تک قابو پا لیاگیا ہے،رائٹ ٹو انفارمیشن بل کی وجہ سے مختلف سرکاری محکموں میں شفافیت آچکی ہے جبکہ اس سے مزید بہتری بھی آئے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے خیبر پختونخوا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں ایک اعلیٰ سطح اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر مینجنگ ڈائریکٹر بینک آف خیبر ڈاکٹر عمران صمد،صدر خیبر پختونخواچیمبر آف کامرس زاہد اللہ شنواری،ایڈیشنل سیکرٹری خزانہ امتیازایوب اور سٹینڈگ کمیٹی کے چیئرمین غضنفر بلور بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

اپنے خطاب میں سینئر وزیر نے کہا کہ امن اورروزگار دونوں بنیادی چیزیں ہیں۔

عزت اور روزگار سب کے لئے بلا تفریق ہونا چائیے۔سینئر وزیر نے چیمبر کے ایک نمائندے یا صدر کو وزارت اوقاف کا ممبر بنانے کا اعلان بھی کیا اور کہا کہ ا ٓئندہ بجٹ میں چیمبر کے صدر کی مشاورت شامل ہوگی۔اس موقع پر مزید اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بینک آف خیبر کا کردار صوبے کی معاشی ترقی میں بہت اہم ہے اور بینک آف خیبر کے لئے ایک نیا سلوگن(نعرہ) ”آپ کا خیر خواہ،بینک آف خیبر پختونخوا“ تجویز کیا گیا ہے۔

سینئر وزیر نے خود کفالت سکیم کو مزید بہتر بنانے کے لئے اراکین چیمبر سے تجاویز بھی طلب کیں۔اس موقع پر ٹریفک مسائل کے حل کے لئے ایک سیمینار منعقد کرنے کی تجویز بھی دی گئی۔ قبل ازیں صدر خیبر پختونخوا چیمبر آف کامرس زاہد اللہ شنواری نے بزنس کمیونٹی کو درپیش امن و امان اور صوبے میں گیس کنکشن پر پابندی اٹھانے وغیرہ سے متعلق اپنے مختلف مسائل کے بارے میں سینئر وزیر کو آگاہ کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :