حکمران سیاسی مشہوری کیلئے صوبے کے خزانے کو ذاتی جاگیر سمجھ کر بے دریغ استعمال کر رہے ہیں‘اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید ،حکمران اکثریت کی بنیاد پر صوبے کا بیڑا غرق کر رہے ہیں ، پنجاب اسمبلی کے اندر اور باہر بھر پور آواز بلند کی جائے گی ‘میڈیا سے گفتگو

جمعرات 13 فروری 2014 20:51

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13 فروری ۔2014ء) اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی میاں محمو د الرشید نے کہا ہے کہ حکمران سیاسی مشہوری کیلئے صوبے کے خزانے کو ذاتی جاگیر سمجھ کر بے دریغ استعمال کر رہے ہیں‘حکمران اکثریت کی بنیاد پر صوبے کا بیڑا غرق کر رہے ہیں جس پر ہم خاموش نہیں رہیں گے بلکہ پنجاب اسمبلی کے اندر اور باہر بھر پور آواز بلند کی جائے گی ، حکمرانوں کی پالیسیاں لاہور اور پنجاب کے عوام کیلئے رحمت کے بجائے زحمت بن رہی ہیں مگر حکمران اپنی ہٹ دھرمی پر قائم ہیں ۔

جمعرات کے روز پنجاب اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید نے کہاکہ (ن)لیگ کی ساری توجہ اپنی سیاسی مشہوری اور دوکانداری چمکانے پر مرکوز ہے اور اس کیلئے صوبے کے خزانے کو اپنی جاگیر سمجھ کر استعمال کررہے ہیں جس کی وجہ سے صوبہ دن بدن خوشحالی کے بجائے مقروض ہو تا جا رہا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ایک طرف ہسپتالوں میں غریبوں کوبنیادی سہولتیں فراہم نہیں کی جا رہیں تو دوسری طرف حکمران ایسے منصوبے شروع کر رہے ہیں جس کا صرف چند ہزار لوگوں کو فائدہ ہو گا ۔

انہوں نے کہاکہ میٹرو بس منصوبے سے لاہور کے صرف ایک فیصد عوام کو فائدہ ہو رہا ہے اور اگر یہ رقم صوبے میں ہسپتالوں ، سکولوں اور غربت کے خاتمے کے منصوبوں کیلئے استعمال کی جاتی تو آج صوبے میں لوگ مہنگائی اور بے روزگاری کے ہاتھوں تنگ آکر خود کشیاں نہ کررہے ہوتے ۔