راولپنڈی اسلام آباد میٹرو بس منصوبے کے چالیس ارب صاف پانی کی فراہمی اور دیگر سہولتوں پرخرچ کی جائے ‘ اپوزیشن،موٹر وے اور لاہور میٹرو بس منصوبے پر تنقید کرنے والے آج منہ چھپائے پھرتے ہیں ‘ وزیر قانون پنجاب کا جواب

جمعرات 13 فروری 2014 20:49

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13 فروری ۔2014ء) پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں اپوزیشن نے راولپنڈی اسلام آباد میٹرو بس منصوبے کی شدید مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت غیر ضروری منصوبوں پر بجٹ ضائع کرنے کے بجائے صاف پانی کی فراہمی ،صحت اور تعلیم کے شعبوں کی طرف توجہ دے جبکہ وزیر قانون رانا ثنا اللہ خان نے کہا ہے کہ موٹر وے اور لاہور میٹرو بس منصوبے پر تنقید کرنے والے آج منہ چھپائے پھرتے ہیں ۔

جمعرات کے روز اجلاس کے دوران اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید اور دیگر اراکین نے نقطہ اعتراض پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ راولپنڈی اور اسلام آباد کو ملانے کے لئے مری روڈ کافی ہے اس روڈ پر میڑو بس منصوبے سے شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گا۔ محمود الرشید نے کہا کہ 40ارب روپے راولپنڈی اسلام آباد میٹرو بس منصوبے پر خرچ کرنے سے بہتر ہے کہ یہ رقم ہسپتالوں کی حالت بہتر بنانے اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے منصوبوں پر خرچ کی جائے۔

(جاری ہے)

لاہور میں اس منصوبے سے کل آبادی کا صر ف ایک فیصد استفادہ کر رہا ہے اگر یہی رقم تعلیم ،صحت اور دیگر سہولتوں کی دستیابی پر خرچ کی جاتی تو صورتحال یکسر مختلف ہوتی ۔وزیر قانون پنجاب رانا ثنا اللہ نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ موٹر وے اور لاہور میٹرو بس منصوبے پر تنقید کرنے والے اب منہ چھپائے پھر رہے ہیں۔ راولپنڈی اسلام آباد میٹرو بس منصوبہ ایک سال کی ریکارڈ مدت میں پورا کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو عوامی مفاد کے منصوبے ایک آنکھ نہیں بھاتے ۔