Live Updates

عمران خان کی کراچی میں پولیس پر سفاکانہ حملے کی شدید الفاظ ، جانی نقصان پر اظہار افسوس،ملک میں قیام امن کیلئے اس نوعیت کے حملے تباہ کن ہیں ،مذاکرات کا عمل کامیاب بنانے کیلئے فوری طور پر جنگ بندی کا اعلان کیا جائے ، چیئرمین تحریک انصاف

جمعرات 13 فروری 2014 20:31

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13 فروری ۔2014ء) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کراچی میں پولیس پر سفاکانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے بھاری جانی نقصان پر گہرے رنج اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ملک میں امن کے قیام کیلئے اس نوعیت کے حملے انتہائی تباہ کن ہیں اور ان پر انتہائی تشویش کا اظہار کرتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پولیس بس پر حملے کے نتیجے میں درجن بھر اہلکاروں کی شہادت کی شدید مذمت کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف نے سندھ پولیس کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا ہے کہ ملک میں فوری اور پائیدار امن کا قیام وقت کا تقاضا ہے چنانچہ قتل عام کا سلسلہ بند ہونا چاہیے۔ بات چیت کے ذریعے امن کے قیام کی حمایت کرتے ہوئے ان کا کہنا ہے کہ مذاکرات کا عمل کامیاب بنانے کیلئے فوری طور پر جنگ بندی کا اعلان کیا جائے اور تحفظات کے حل کیلئے گفتگو کا طریقہ اختیار کیا جائے۔

(جاری ہے)

سندھ پولیس کے شہید اور زخمی اہلکاروں کے اہل خانہ سے ہمدردری کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے مطالبہ کیا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں پر سفاکانہ حملوں کا سلسلہ بند کیا جائے۔ کراچی میں گزشتہ کئی ماہ سے جاری آپریشن کے باوجود اس قسم کے واقعات پر انتہائی تشویش کا اظہارکرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے بھرپور کارروائی کے باوجود کراچی میں دہشت گردی کی بڑی کارروائیاں ناقابل فہم ہیں۔

انہوں نے وفاقی و صوبائی حکومتوں پر زور دیا کہ وہ سنجیدگی کا مظاہرہ کریں اور کراچی میں امن کی بحالی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں خصوصاً پولیس کو اس نوعیت کے حملوں سے بچانے کیلئے سیاسی بصیرت بروئے کار لائیں اورمنطقی رستہ اختیار کریں۔ اپنے بیان میں چیئرمین تحریک انصاف نے حملے میں زخمی ہونے والے اہلکاروں کیلئے علاج معالجے کی مکمل سہولیات کا بھی مطالبہ کیا۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات