لاہور اور کراچی کے اردو بازاروں کو دنیا کے بدنام بازاروں کی فہرست سے نکال دیا گیا ،بھارت کے 6بازار شامل ‘ رپورٹ،سب سے زیادہ بڑے بازار چین میں ہیں ،بھارت ، انڈونیشیاء ، تھائی لینڈ، یوکرین، میکسیکو، کولمبیا، ایکواڈور اور پیراگوئے بھی شامل ہیں‘ امریکی رپورٹ

جمعرات 13 فروری 2014 20:29

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13 فروری ۔2014ء) لاہور اور کراچی کے اردو بازاروں کو دنیا کے بدنام بازاروں کی فہرست سے نکال دیا گیا جبکہ اس فہرست میں بھارت کے 6 بازار شامل ہیں۔میڈیا رپورتس کے مطابق امریکی تجارت کے نمائندہ دفتر کی جانب سے جاری ہونے والی بدنام بازاروں کی فہرست دنیا بھر کے ان بازاروں کا احاطہ کرتی ہے جہاں ہونے والی خریدوفروخت جملہ حقوق کی خلاف ورزی کی وجہ سے امریکی کاروبار اور ان کے شہریوں کے لیے نقصان دہ ہے۔

رپورٹ کے مطابق ان بازاروں میں جعلی کمپیوٹر سافٹ ویئر، فلموں اور موسیقی کی سی ڈیز اور دفاتر میں استعمال ہونے والے آلات کی فروخت کھلے عام ہوتی ہے۔ اس فہرست میں عام بازاروں کے علاوہ آن لائن خریدوفروخت کیلئے بنائی جانے والی ویب سائٹس بھی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

امریکی رپورٹ کے مطابق جعلی سامان کے سب سے زیادہ بڑے بازار چین میں ہیں جبکہ بھارت ، انڈونیشیاء ، تھائی لینڈ، یوکرین، میکسیکو، کولمبیا، ایکواڈور اور پیراگوئے بھی اس فہرست میں شامل ہیں۔

بھارت میں نئی دہلی، ممبئی اور حیدرآباد کے 2، 2 بازار نقلی اشیا ء کی فروخت کے بڑے مراکز ہیں۔ اس رپورٹ میں لاہور اور کراچی کے اردو بازاروں کو بدنام بازاروں کی فہرست سے نکال دیا گیا ہے جہاں فروخت ہونے والی کتابوں کے معاملے میں جملہ حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہوتی تھی تاہم اب صورتحال بہتر ہے۔