حکومت اور آرمی چیف دہشت گردی کے خاتمے کیلئے کوئی فیصلہ کریں، الطاف حسین

جمعرات 13 فروری 2014 19:46

حکومت اور آرمی چیف دہشت گردی کے خاتمے کیلئے کوئی فیصلہ کریں، الطاف ..

لندن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13فروری۔2014ء) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ حکومت اور آرمی چیف دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کوئی فیصلہ کریں ، حکومت اورآرمی چیف دہشت گردی کے خاتمے اور شہریوں کے تحفظ کے لیے فیصلہ کریں، ورنہ قوم کو آگاہ کریں کہ فوج سرحدوں کی حفاظت اور عوام کا دفاع کرنے سے کیوں قاصر ہے؟ایم کیوایم نے دل پر پتھر رکھ کر اے پی سی میں طالبان سے مذاکرات کی حمایت کی، چوہدری اسلم کے قتل کی طالبان نے جس طرح ذمے داری قبول کی وہ حکومت کے منہ پر طمانچہ ہے۔

الطاف حسین نے رابطہ کمیٹی لندن اورپاکستان کے مشترکہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے سوال کیا کہ جب ادارے جان و مال کے تحفظ میں ناکام ہوجائیں تو ہم اپنی فریاد لے کر کہاں جائیں؟ الطاف حسین کا کہنا تھا کہ مذاکرات کے آغاز سے آج تک دہشت گردوں کے حملے اور شہریوں کی ہلاکتیں جاری ہیں، مساجد، امام بارگاہوں پر حملے، فوجی افسران و جوانوں کی ہلاکتیں سفاکیت کی انتہا ہے۔

(جاری ہے)

ایم کیو ایم کے قائد نے مطالبہ کیا کہ دہشت گردوں سے نمٹنے کے لیے پولیس کو جدید ٹیکنالوجی فراہم کی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس بس پر حملے کی ذمے داری طالبان دہشت گردوں نے قبول کی، طالبان دہشت گردوں کا نام لیتے سندھ حکومت کے ترجمان اور پولیس افسران کی ٹانگیں کانپتی ہیں۔