پاکستانی دفاعی صنعت ترقی یافتہ ہے ، کم لاگت کیساتھ معیاری آلات تیار کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے ،سیکرٹری دفاع ،پاکستان کی فنی افرادی قوت اور ہنرمند کارکن مرمت اورمینٹی نینس کیلئے تعاون کرسکتے ہیں ، یاسین ملک کی بوسنیائی سفیر کو پیشکش

بدھ 12 فروری 2014 22:51

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12 فروری ۔2014ء) سیکرٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل(ر) آصف یاسین ملک نے کہا ہے کہ پاکستانی دفاعی صنعت بڑی ترقی یافتہ ہے اور کم لاگت کے ساتھ انتہائی معیاری آلات تیار کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے ۔ بدھ کو یہاں بوسنیا کے سفیر ندیم میکاریوک کے ساتھ ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے بوسنیا کو میری ٹائم فورس کے قیام ‘ اس کے عملہ کی تربیت ‘ بحری اثاثوں کی دیکھ بھال اوورہالنگ اور مرمت کیلئے پاکستان کے تعاون کی پیشکش کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پاکستان کی جہاز رانی کی صنعت نے بڑی ترقی کی ہے ۔ پاکستان کی فنی افرادی قوت اور ہنرمند کارکن مرمت اورمینٹی نینس کیلئے تعاون کرسکتے ہیں۔ بوسنیا کے سفیر نے پاکستانی کارکنوں کی ہنرمندی اور ٹیکنالوجی کے معیار کی تعریف کی اور توقع ظاہر کی کہ دونوں ممالک کے درمیان معاہدوں کے مسودہ کوجلد حتمی شکل دی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان اور بوسنیا کئی شعبوں میں تعاون کاجائزہ لے سکتے ہیں۔تربیت ‘ مشترکہ منصوبوں ‘ تعلیم ‘ ڈزاسٹرمنیجمنٹ کی مشترکہ مشقوں اور ٹیکنیکل لٹریچر جیسے شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دے سکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :