وزیر اعظم نوازشریف کا ترکی پہنچنے پر پرتپاک استقبال

بدھ 12 فروری 2014 22:51

انقرہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12 فروری ۔2014ء) وزیراعظم محمد نوازشریف ترکی کے 3 روزہ سرکاری دورے پر بدھ کو یہاں پہنچ گئے۔ ترک وزیر برائے ماحولیات و شہری منصوبہ بندی ادریس گلوسی، ترک گرینڈ نیشنل اسمبلی میں پاک ترک پارلیمانی فرینڈ شپ کے چیئرمین برہان کھایا ترک اور دیگر اعلیٰ حکام نے انقرہ ایزن بوگا ایئر پورٹ پر ان کا پرتپاک خیر مقدم کیا۔

وزیراعظم نوازشریف افغان صدر حامد کرزئی اور ترک صدر عبداللہ گل کے ہمراہ افغانستان، پاکستان، ترکی آٹھویں سہ فریقی سربراہ اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کرینگے۔ سہ فریقی سربراہ اجلاس کا عمل افغانستان میں امن و استحکام کے فروغ کیلئے تینوں برادر ممالک کے مابین اعلیٰ سطح کے سیاسی مذاکرات، سیکورٹی تعاون اور ترقیاتی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کیلئے ایک منفرد پلیٹ فارم مہیا کرتا ہے۔

(جاری ہے)

وزیر برائے دفاع اور پانی و بجلی خواجہ محمد آصف، وزیراعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی و خارجہ امور سرتاج عزیز، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خارجہ امور طارق فاطمی، چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ مفتاح اسماعیل احمد، ارکان پارلیمان اور دیگر اعلیٰ عسکری و سول حکام بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔ وزیراعظم نوازشریف استنبول کا بھی دورہ کرینگے اور ممتاز ترک کاروباری شخصیات و سرمایہ کاروں سے ملاقات کرینگے۔

متعلقہ عنوان :