6 ارب روپے کی کثیر لاگت سے ضلع کرک کے تمام علاقوں کو بلا امتیاز گیس کی سہولیات فراہم کی جائیگی ،ملک قاسم خان

بدھ 12 فروری 2014 20:42

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12 فروری ۔2014ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے جیل خانہ جات ملک قاسم خان خٹک نے کہا ہے کہ6 ارب روپے کی کثیر لاگت سے ضلع کرک کے تمام علاقوں کو بلا امتیاز گیس کی سہولیات فراہم کی جائیگی عوام تسلی رکھیں کوئی گھر گیس کی سہولت سے محروم نہیں رہے گا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز اپنے دفتر میں حلقہ پی کے 41کرک کے دور دراز علاقوں سے آئے ہوئے مختلف وفود سے باتیں کرتے ہوئے کیا وفود نے مشیر وزیر اعلیٰ کو اپنے انفرادی اور علاقے کے اجتماعی نوعیت کے مسائل سے آگاہ کیا ۔

مشیر جیل خانہ جات نے انکے مسائل غور سے سنے اور دستیاب وسائل کے اند رہتے ہوئے ان کواولین فرصت میں حل کرانے کا یقین دلایا۔ مشیر ملک قاسم نے کہا کہ وہ حلقے کے عوام کے اجتماعی مسائل سے مکمل طور پر آگاہ ہیں اور وہ گیس سمیت دیگر بنیادی مسائل بھی حل کرکے ہی دم لیں گے انہوں نے کہا کہ وہ عوام کی بے لوث خدمت کے لئے پوری طرح متحرک ہیں اور گزشتہ دور کے مقابلے میں کہیں بڑھ کر کام کرینگے ملک قاسم نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت پارٹی قائد عمران خان کے وژن کی روشنی میں تبدیلی ایجنڈے کو عملی جامہ پہنانے کے لئے پوری طرح کوشاں ہے اور کئی قوانین کو آخری شکل دی جائے رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حلقہ پی کے 41میں آئل اینڈ گیس فنڈز شئیر اور ریگولر ترقیاتی پروگراموں کے تحت متعدد ترقیاتی منصوبے پائپ لائن میں ہیں اور انشاء اللہ ان منصوبوں کی تکمیل سے عوام تبدیلی کے واضح اثرات محسوس کریں گے مشیر جیل خانہ جات نے عوام پر زور دیا کہ وہ صبر سے کام لیں کیونکہ سرکاری خزانے سے فنڈز کی منظوری اور اسکی مزید تقسیم کے لئے کچھ وقت درکار ہوتا ہے انہو ں نے کہا کہ وہ ایک لمحے کے لئے بھی عوام سے غافل نہیں رہتے اور ماضی میں مٹی سے وفا نہ کرنے نمائندوں کا حال عوام دیکھ چکے ہیں انہوں نے کہاکہ حلقے کو ہمہ گیر ترقی کی راستے پر گامزن کرنے کے لئے انہیں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک کی مکمل حمایت حاصل ہے۔

متعلقہ عنوان :