پاکستان اور بھارت کا کنٹرول لائن کے آر پار تجارت بحال کرنے کا فیصلہ ،پاکستان اور بھارت، آزاد اور مقبوضہ کشمیر میں پکڑے گئے ٹرک اور ڈرائیوروں کے کا جلد تبادلہ کرینگے ،ترجمان

بدھ 12 فروری 2014 20:34

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12 فروری ۔2014ء) پاکستان اور بھارت نے کنٹرول لائن کے آر پار تجارت بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزارت خارجہ کی ترجمان تسنیم اسلم نے اس امر کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ چار ہفتے کی بات چیت کے بعد پاکستان اور بھارت کے حکام نے کشمیر میں کنٹرول لائن کے آر پار تجارت کو بحال کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد اور مقبوضہ کشمیر میں دونوں ممالک کے حکام کی طرف سے پکڑے گئے ٹرک اور ڈرائیوروں کے تبادلہ کے بعدجلد ہی تجارت سرگرمی کا آغاز ہو جائیگا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ کنٹرول لائن کے آر پار کشمیر سے تجارت رواں سال پاکستان کی طرف سے جانے والے ٹرک سے 114کلو گرام براؤن شوگر برآمد ہونے کے بعد 17جنوری کو تعطل کا شکار ہوئی تھی ۔ بھارتی حکام کی طرف سے 48 پاکستانی ٹرک ڈرائیور کوحراست میں لیے جانے پر پاکستان نے بھی 27بھارتی ٹرکوں کو ڈرائیوروں سمیت حراست میں لیا تھا اور تجارتی سرگرمیاں معطل ہو گئیں تھیں۔ گذشتہ چار ہفتوں میں پاک بھارت حکام کے درمیان بات چیت کے بعد دونوں ممالک نے کشمیر بس سروس اور کنٹرول لائن کے آرپار تجارت کی بحالی کا فیصلہ کیا ۔