وزیر اعظم کی ہدایت پر وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان( کل) کراچی پہنچیں گے ،وفاقی وزیر داخلہ کی صدارت میں ایک اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوگا، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اعلیٰ افسران بریفنگ دیں گے

بدھ 12 فروری 2014 20:26

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12 فروری ۔2014ء) وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کی ہدایت وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کل (جمعرات) کراچی پہنچ رہے ہیں ۔ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ اپنے دورہ کراچی میں گورنر سندھ اور وزیر اعلیٰ سندھ سے ملاقات کریں گے ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ کی صدارت میں ایک اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوگا ،جس میں کراچی میں امن و امان کی مجموعی صورت حال ،5ستمبر سے جاری ٹارگیٹڈ آپریشن ،اس آپریشن کے دوران ہونے والی گرفتاریوں ،درج کیے جانے والے مقدمات ،آپریشن کے پہلے اور دوسرے مرحلے کے اہداف ،قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مقابلوں میں ہلاک ہونے والے افراد کی معلومات ،حتمی مرحلے کی آپریشنل بریفنگ سمیت دیگر امور پر غور کیا جائے گا ۔

اجلاس میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اعلیٰ افسران وزیر داخلہ کو بریفنگ دیں گے ۔اس دورے کے دوران وفاقی وزیر داخلہ سے ایم کیو ایم کے وفد کی ملاقات بھی متوقع ہے ۔اس دورے میں وفاقی وزیر داخلہ ماورائے عدالت قتل اور کارکنوں کے لاپتہ ہونے والے سے ایم کیو ایم کے تحفظات کے حوالے سے بھی سندھ حکومت سے بات کریں گے ۔