3لاکھ خراب گندم کی بوریاں نیلام کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جام مہتاب حسین ڈھر،گندم کو خراب کرنے والوں کے خلاف تحقیقاتی کمیٹی قائم کردی گئی ہے ،صوبائی وزیر خوراک

بدھ 12 فروری 2014 19:42

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12 فروری ۔2014ء)محکمہ خوراک سندھ نے صوبے کے مختلف اضلاع میں موجود خراب گندم کی تقریباً تین لاکھ بوریوں کو نیلام کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر برائے خوراک جام مہتاب حسین ڈھر نے گذشتہ پانچ برسوں سے محکمہ خوراک کے مختلف گندم کے گوداموں میں موجود 2 لاکھ 92 ہزار 992 گندم کی خراب بوریوں کا نوٹس لیتے ہوئے اس کے نیلام کے لئے وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کو سمری ارسال کی ۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے مذکورہ سمری منظور کرتے ہوئے خراب گندم کی نیلامی کے احکامات صادر کئے ۔ یہ خراب گندم انسانی استعمال کے لئے نہیں ہے بلکہ اس سے پرندوں اور جانوروں کی خوراک تیار کی جاتی ہے ۔ واضح رہے کہ گذشتہ پانچ سالوں میں صوبے بھر کے گندم کے مراکز پر تین لاکھ کے قریب گندم کی خراب بوریاں موجود ہیں جو وقت کے ساتھ مزید خراب ہو گئی ۔

(جاری ہے)

اس صورتحال کا سخت نوٹس لیتے ہوئے صوبائی وزیر برائے خوراک جام مہتاب حسین ڈھر نے نہ صرف ان بوریوں کے نیلام کا حکم دیا ہے بلکہ مذکورہ صورتحال پیدا کرنے پر محکمہ خوراک کے ملوث ملازمین کے خلاف ایڈیشنل سیکریٹری فوڈ کی سربراہی میں ایک کمیٹی قائم کی ہے اس کمیٹی میں ڈائریکٹر فوڈ ‘ محکمہ خزانہ کا نمائندہ اور متعلقہ ریجن کے ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ شامل ہیں ۔ جام مہتاب حسین ڈھر نے ہدایات جاری کی ہیں کہ قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور ایسی صورتحال پیدا کرنے والوں کو معاف نہیں کیا جائے گا ۔