سندھ حکومت کا کراچی میں دباؤ میں آئے بغیر ٹارگٹڈ آپریشن مزید تیز کرنے کا فیصلہ، پولیس اور رینجرز حکام اس بات کا خیال رکھیں آپریشن کے دوران کسی کے ساتھ ناانصافی نہ ہو، وزیراعلی سندھ

بدھ 12 فروری 2014 19:42

سندھ حکومت کا کراچی میں دباؤ میں آئے بغیر ٹارگٹڈ آپریشن مزید تیز کرنے ..

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12 فروری ۔2014ء) سندھ حکومت نے جرائم پیشہ افراد کے خلاف جاری ٹارگیٹڈ آپریشن کو کسی بھی قسم کے دباؤ میں آئے بغیر مزید تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔اس ضمن میں وزیر اعلی ہاؤس میں بدھ کو وزیر اعلی سندھ سید قائم علی شاہ کی سربراہی میں سندھ بالخصوص کراچی میں امن و امان کی صورت حال کے حوالے سے اجلاس منعقد کیاگیا۔

اجلاس میں سندھ وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن، ڈی جی رینجرز سندھ میجرجنرل رضوان اختر ، آئی جی سندھ شاہد ندیم بلوچ اور ایڈیشنل آئی جی کراچی شاہدحیات سمیت اعلی حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران رینجرز اور پولیس حکام نے شہر میں جاری ٹارگیٹڈ آپریشن سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی جس میں بتایا گیا کہ حالیہ کارروائیوں کے دوران شہر میں امن و امان کی صورت حال میں بہتری آئی ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعلی سندھ نے رینجرز اور پولیس کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کسی بھی قسم کے دباؤ میں آئے بغیر جرائم پیشہ افراد کے خلاف ٹارگیٹڈ آپریشن جاری رکھنے کا فیصلہ کیا، اس موقع پر وزیر اعلی سندھ نے کہا کہ کراچی میں ٹارگیٹڈ آپریشن جرائم پیشہ افراد کے خلاف ہورہا ہے اور اسے منطقی انجام تک پہنچائے بغیر بند نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے پولیس اور رینجرز حکام کو ہدایت کی کہ ٹارگیٹڈ کارروائیوں کے دوران اس بات کا خیال رکھاجائے کہ کسی کے ساتھ ناانصافی نہ ہو۔

متعلقہ عنوان :