قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی مذہبی امور نے کوہستان میں ویڈیو منظر عام آنے پر قتل کی جانیوالی پانچ معصوم لڑکیوں کے قاتلوں کی گرفتاری کیلئے قرارداد منظور کرلی ، کے پی کے حکومت سے قاتلوں کی گرفتاری اور کیفر کردار تک پہنچانے کیلئے اقدامات کا مطالبہ کردیا ، حج کرایوں میں ہزار ریال کمی کی سفارش

بدھ 12 فروری 2014 19:41

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12 فروری ۔2014ء) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی نے خیبر پختونخواہ کے علاقے کوہستان میں ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد پانچ معصوم لڑکیوں کے قاتلوں کی گرفتاری اور قرار واقعی سزا دلانے کی قرارداد منظور کرلی ، وزارت مذہبی امور کو حج آپریشن 2014ء میں حجاج کرام کو کرائے کی مد میں ہزار ریال اور محافظ فند کی مد میں 100ریال کمی کی سفارش کردی ۔

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کا اجلاس بدھ کو پارلیمنٹ ہاؤس میں چیئرمین حافظ عبدالکریم کی زیر صدارت بد ھ کو پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوا ۔ اجلاس میں وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف کے علاوہ وزارت کے متعلقہ حکام اور اراکین کمیٹی نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں خواتین کے عالمی دن کے حوالے سے کوہستان میں ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد پانچ معصوم لڑکیوں کے قتل کی مذمت کی گئی اور قرار داد منظور کی گئی جس میں خیبر پختونخواہ حکومت سے قاتلوں کی گرفتاری اور کیفر کردار تک پہنچانے کیلئے اقدامات کی سفارش کی گئی ہے۔

اجلاس میں کمیٹی کو وزارت مذہبی امور کے حکام نے حج آپریشن 2014ء بارے بریفنگ دی ۔ جس پر کمیٹی اراکین نے حجاج کرام کے کرایوں اور دیگر سرکار ی اخراجات اور حجاج کو ہوائی جہاز کے ذریعے سفر کی کم سہولتوں پر تحفظات کا اظہار کیا۔ کمیٹی نے وزارت مذہبی امور کو سفارش کی کہ حجاج کرام کے پیکیج میں ایک ہزار ریال کی رعایت دیکر 3500ریال کیا جائے جبکہ محافظ فنڈ کی مد میں بھی حجاج کو 100ریال کی رعایت دی جائے ۔

کمیٹی نے سفارش کی کہ حج آپریشن 2014ء میں حجاج کو بہتر سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ وہ اپنے مذہبی فرائض خصوو خشوع سے ادا کر سکیں ، حجاج کے فلائٹس آپریشن کیلئے صرف پی آئی اے پر انحصار نہ کیا جائے بلکہ حجاج کرام کو سفر کی بہتر سہولیات بروقت فراہمی کیلئے دیگر آپشنز کو بھی زیر غور لایا جائے ۔ وزیر مذہبی امور سردار یوسف نے کمیٹی کو یقین دلایا کہ کمیٹی کی سفارشات کو حج آپریشن 2014ء میں مدنظر رکھا جائیگا۔