کاشتکار کپاس کی فصل کی کاشت یکم مارچ کے بعدشروع کریں ،محکمہ زراعت پنجاب کی ہدایت

بدھ 12 فروری 2014 17:00

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 12فروری 2014ء) محکمہ زراعت پنجاب نے کاشتکاروں کو فروری میں کپاس کی کاشت کی ممانعت کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ کاشتکار کپاس کی فصل کی کاشت یکم مارچ کے بعدشروع کریں۔محکمہ زراعت پنجاب کے ترجمان کے مطابق بہترین پیداوار کے حصول کے لیے کپاس کی فصل کی کاشت کا وقت نہایت اہم ہے ۔

(جاری ہے)

ترجمان نے بتایا کہ اکثر کاشتکار بی ٹی کپاس کی اگیتی کاشت فروری کے مہینہ سے شروع کر دیتے ہیں جبکہ فروری کے مہینہ میں کاشت کی گئی کپاس کی فصل کوکم درجہ حرارت کی وجہ سے نقصان کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے کیونکہ کم درجہ حرارت پر بیج کے اگنے کا عمل سست ہو جاتا ہے اور پھپھوندی کا حملہ زیادہ ہوتا ہے جس سے اگاؤ شدید متاثر ہوتا ہے ۔

ترجمان نے بتایا کہ15ڈگری سینٹی گریڈ سے کم درجہ حرارت پر کپاس کے پودوں میں خوراک بنانے کا عمل نہایت سست ہو جاتا ہے اور بڑھنے والے ننھے پودے مرنا شروع ہو جاتے ہیں لہٰذا کپاس کے کاشتکا ر بی ٹی اقسام کی کاشت فروری کے بجائے یکم مارچ سے شروع کریں ۔

متعلقہ عنوان :