پشاور ،نواحی علاقے بڈھ بیر ماشوخیل میں دہشتگردوں کے حملے میں نو افراد جاں بحق ،علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا، گورنر اور وزیراعلی خیبرپختونخوا واقع میں ملوث افراد کو گرفتارکریں ، علاقہ مکینوں اور امن لشکر کا مقتولین کی تدفین سے انکار

بدھ 12 فروری 2014 14:07

پشاور ،نواحی علاقے بڈھ بیر ماشوخیل میں دہشتگردوں کے حملے میں نو افراد ..

پشاور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 12فروری 2014ء) صوبائی دارالحکومت پشاور کے نواحی علاقے بڈھ بیر ماشوخیل میں دہشتگردوں کے حملے میں نو افراد جاں بحق ہوگئے پولیس انسپکٹر فرمان کے مطابق حملہ آوروں کی تعداد بہت زیادہ تھی اور یہ حملہ نیم شب کے وقت کیا گیا ، حملہ آوروں نے پہلے ایک مکان پر دستی بم پھینکے اور جب اس مکان سے خاندان کے افراد باہر نکلے تو ان پر فائرنگ شروع کر دی جس سے 9 افراد جاں بحق ہوگئے ۔

مرنے والوں میں امن کمیٹی کا رضا کار بھی شامل ہے۔ ایس ایس پی آپریشن نجیب الرحمان کے مطابق حملہ آوروں کی تعداد دو درجن سے زائد تھی جو کہ خیبر ایجنسی سے آئے تھے پولیس کے مطابق دو ہفتے قبل امن لشکر اور شدت پسندوں کے درمیاں جھڑپ ہوئی تھی جس میں ظفرشاہ سمیت تین امن لشکرکے رضاکارجاں بحق ہو گئے تھے اورایک شدت پسند مارا گیا تھاپولیس اہلکاروں نے بتایا کہ جس مکان پر حملہ کیا گیا اس میں حکومت کے حمایتی امن لشکر کے رضا کار موجود تھے یہ سب ایک ہی خاندان کے افراد تھے جن میں بھائی بھتیجے اور قریبی رشتہ دار شامل تھے پولیس کے مطابق ظفر کو اس وقت ہلاک کیا گیا تھا جب پولیس ایک دھماکے کی جگہ پر پہنچی تھی اور واپسی پر حملہ آوروں میں سے ایک نے ظفر سے پہلے اس کی شناخت پوچھی اور پھر اسے ہلاک کر دیا تھا۔

(جاری ہے)

ایسی اطلاعات ہیں کہ شدت پسندوں کے اس گروپ کا تعلق لشکر اسلام سے بتایا گیا ہے اور چند روز پہلے امن کمیٹی کے رضا کاروں نے اس گروپ کے ایک اہم شخص کو ہلاک کردیا تھا جس کا یہ بدلہ لیا گیا ہے۔ ادھر علاقہ مکینوں اور امن لشکر نے مقتولین کی تدفین سے انکار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ گورنر اور وزیراعلی خیبرپختونخوا واقع میں ملوث افراد کو گرفتارکریں پولیس نے علاقے میں پہنچ کر سرچ آپریشن شروع کردیا ۔