کراچی میں جاری ٹارگٹ آپریشن بلاتفریق کیا جا رہا ہے ،ایم کیو ایم کی جانب سے لگائے جانیوالے الزامات پر کچھ نہیں کہوؤنگا، آئی جی سندھ ،کراچی پولیس کے سربراہ شاہد حیات سمیت دیگر قیادت میں کوئی بھی تبدیلی نہیں کی جا رہی، میڈیا سے گفتگو

منگل 11 فروری 2014 23:02

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11 فروری ۔2014ء) آئی جی سندھ شاہد ندیم بلوچ نے کہا ہے کہ کراچی میں جاری ٹارگٹ آپریشن بلاتفریق کیا جا رہا ہے ایم کیو ایم کی جانب سے لگائے جانے والے الزامات پر کچھ نہیں کہوں گا تاہم کراچی پولیس کے سربراہ شاہد حیات سمیت دیگر قیادت میں کوئی بھی تبدیلی نہیں کی جا رہی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آئی جی سندھ شاہد ندیم بلوچ نے کہا ہے کہ کراچی میں پانچ ماہ سے جاری آپریشن میں تیرہ ہزار سے زائد مطلوبہ افراد گرفتار کیے گئے ہیں جنہیں بلا تفریق گرفتار کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

کراچی میں جاری آپریشن امن کی بحالی تک اسی طرح جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کے ایم کیو ایم کے کارکن فہد عزیز کے معاملے میں کچھ پولیس اہلکاروں کی نالائقی شامل تھی جن کے خلاف کاروائی کی اور انکوائری کمیٹی بنائی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کے اغوا برائے تاوان کی وارداتوں میں بھی پولیس کی کاروائیوں کے باعث کمی واقع ہوئی ہے۔ اب بھی چالیس کے قریب لوگ اغوا ہیں جنہیں بھی بغیر تاوان دیئے بازیاب کروایا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کے ہائی ویز پر جاری وارداتوں کے حوالے سے بھی پولیس نے دو بڑے گینگ پکڑے ہیں جس سے ایسے واقعات میں بھی کمی واقع ہوئی ہے۔