حکومت توانائی کے شعبے میں چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے پرعزم ہے ،وزیراعظم نوازشریف ،گڈانی میں انرجی پارکس قائم کئے جا رہے ہیں ،6600 میگاواٹ بجلی پیدا کرینگے ،حقیقی اصلاحاتی ایجنڈے پر عمل پیرا ہونے کیلئے اے ڈی بی کی معاونت ضروری ہے ، ایشیائی ترقیاتی بینک کے نائب صدر سے گفتگو ،امید ہے پاکستان اصلاحاتی ایجنڈے پر عملدرآمد کی صورت میں بلند شرح نمو حاصل کریگا ،ایشیائی ترقیاتی بینک

منگل 11 فروری 2014 22:58

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11 فروری ۔2014ء) وزیراعظم محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ حکومت توانائی کے شعبے میں چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے پرعزم ہے، گڈانی میں انرجی پارکس قائم کئے جا رہے ہیں ،6600 میگاواٹ بجلی پیدا کرینگے ،حقیقی اصلاحاتی ایجنڈے پر عمل پیرا ہونے کیلئے اے ڈی بی کی معاونت ضروری ہے ۔وہ منگل کو ایشیائی ترقیاتی بینک کے وفد سے گفتگو کررہے تھے جس نے اپنے نائب صدر وین چائی ژانگ کی قیادت میں و زیراعظم ہاؤس میں ان سے ملاقات کی۔

وفد میں کلاز گیرہاسر، اے ڈی بی کے نائب صدر کے مشیر ہاؤ زانگ، کنٹری ڈائریکٹر ورنر ای لائی پاچ اور سینئر پروگرام آفیسر سعد پراچہ شامل تھے۔ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعظم نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم توانائی کے شعبے میں پیش رفت کر رہے ہیں اور گڈانی میں انرجی پارکس قائم کئے جا رہے ہیں جو 6600 میگاواٹ بجلی پیدا کرینگے۔

(جاری ہے)

انہوں نے وفد کو بتایا کہ ہم دیامر بھاشا ڈیم اور بھونجی ڈیم تعمیر کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔ حقیقی اصلاحاتی ایجنڈے پر عمل پیرا ہونے کیلئے اے ڈی بی کی معاونت ضروری ہے۔ ملاقات کے دوران وزیراعظم نے ترقیاتی شراکت داروں کی مسلسل معاونت اور شراکت داری کو پاکستان کی طرف سے دی جانے والی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے توانائی کے شعبے اور سرکاری ملکیت اداروں کی اصلاحات کیلئے ایک ارب ڈالر مالیت کا پالیسی قرضہ دینے کیلئے اے ڈی بی کی کمٹمنٹ پر اس کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے جامشورو بجلی گھر منصوبے کیلئے اے ڈی بی کی معاونت کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ موجودہ توانائی بحران کے تناظر میں اہم ہے جبکہ بجلی کی پیداوار میں زیادہ مستعدی اور متبادل ذرائع کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم نے 430 ملین ڈالر مالیت کے سماجی تحفظ ترقیاتی منصوبے کو سراہتے ہوئے اس سلسلہ میں حمایت جاری رکھنے پر زور دیا۔ ایشیائی ترقیاتی بینک کے نائب صدر نے وزیراعظم کو تیسری مرتبہ وزارت عظمیٰ کے منصب پر فائز ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہم ان کی قیادت میں کامیاب اقتصادی اصلاحات اقدامات دیکھ رہے ہیں، وہ مالیاتی خسارے سے موثرانداز میں نبردآزما ہو رہے ہیں اور سرکاری اداروں میں اصلاحات لا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ ان کی قیادت میں پاکستان اصلاحاتی ایجنڈے پر مسلسل عملدرآمد کی صورت میں آنے والے برسوں میں بلند شرح نمو حاصل کرے گا۔ اے ڈی بی پاکستان کی مدد کیلئے تیار ہے۔ اے ڈی بی کے وفد نے بتایا کہ (آج) بدھ بہت اہم موقع ہے جب اے ڈی بی اور حکومت پاکستان 900 ملین ڈالر کے جامشورو پاور جنریشن پراجیکٹ پر دستخط کر رہے ہیں۔ اے ڈی بی کے نائب صدر نے یقین دلایا کہ توانائی کے شعبے میں اصلاحات کے حوالے سے حکومت کی بھرپور کوششوں کی حمایت کرینگے۔ انہوں نے وفاقی حکومت کی پالیسی کو سراہا جو علاقائی اور بین الاقوامی ہم آہنگی اور تعاون پر مرکوز ہے۔