حکومتی کمیٹی کا طالبان کی جانب سے پیش کی جانے والی تجاویز پر اطمینان کا اظہار ،کھلے ذہن کے ساتھ مذاکرات کرنا چاہتے ہیں ، قوم کوجلد خوشخبری سنائینگے ، طالبان کی گفتگو حکومتی کمیٹی کے سامنے پیش ،ملک کو امن گہوارہ بنانے کیلئے پر عزم ہیں ، جلد قوم کو بہت زیادہ اچھے اشارے ملیں گے ، عرفان صدیقی ،مثبت سوچ کے ساتھ آگے بڑھتے رہے تو کامیابی ملے گی ،میڈیا سے گفتگو ،دھماکے کرنے والے ہماری امیدوں پر پانی پھیرنے کی کوشش کر رہے ہیں ،مذاکرات کے پہلے مرحلے میں فائر بندی کرانے کی کوشش کریں گے ، مولانا سمیع الحق ۔ تفصیلی خبر

منگل 11 فروری 2014 21:56

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11 فروری ۔2014ء) حکومتی کمیٹی نے طالبان کی جانب سے پیش کی جانے والی تجاویز پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ ملک کو امن گہوارہ بنانے کیلئے پر عزم ہیں ، جلد قوم کو بہت زیادہ اچھے اشارے ملیں گے ،مثبت سوچ کے ساتھ آگے بڑھتے رہے تو کامیابی ملے گی جبکہ طالبان کی مذاکراتی کمیٹی کے سربراہ مولانا سمیع الحق نے کہا ہے کہ دھماکے کرنے والے ہماری امیدوں پر پانی پھیرنے کی کوشش کر رہے ہیں ،مذاکرات کے پہلے مرحلے میں فائر بندی کرانے کی کوشش کریں گے۔

منگل کو حکومت اور طالبان کے درمیان مذاکرات کیلئے دونوں کمیٹیوں کی غیر رسمی ملاقات میجر ریٹائر عامر کے گھر اسلام آباد میں ہوئی جس میں طالبان کی مذاکراتی کمیٹی نے طالبان کے مطالبات کی فہرست پیش کر دی۔

(جاری ہے)

طالبان کی مذاکراتی کمیٹی کے ارکان نے اجلاس کو بتایا کہ طالبان شوریٰ نے حکومتی کمیٹی کے نکات پر مثبت اور حوصلہ افزاء ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ طالبان نے کہا ہے کہ وہ کھلے ذہن سے مذاکرات کرنا چاہتے ہیں اور ان کی بھی یہی خواہش ہے کہ قوم کو جلد خوشخبری سنائیں۔ انہوں نے کہا کہ طالبان نے کہا ہے کہ قیام امن کی خاطر حکومتی کمیٹی کے ارکان کو کسی بھی وقت خوش آمدید کہا جائے گا۔ حکومتی کمیٹی نے طالبان کمیٹی کی رپورٹ کو اطمینان بخش قرار دیا۔ کمیٹی نے کہا کہ آئندہ نشست میں تمام متعلقہ امور اور تجاویز پر تفصیلی مشاورت کے بعد اگلا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔

ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں حکومتی کمیٹی کے کو آر ڈینیٹر عرفان صدیقی نے کہاکہ ہم نے طے کیا ہے کہ مذاکرات کے دوران تجاویز اور مطالبات کے جو نکات سامنے آئیں گے اس پر آئندہ اجلاس میں غور کریں گے۔ ہماری کمیٹی نے طالبان کی جانب سے سامنے آنے والی تفصیلات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے اور ہم توقع کر رہے ہیں اگر اسی احتیاط اور عزم کے ساتھ ہم آگے بڑھتے رہے تو شائد آنے والے دنوں میں ہم زیادہ ٹھوس اور مثبت اقدامات کر سکیں گے جس سے قوم کو زیادہ اچھے اشارے ملیں گے۔

طالبان کمیٹی کے رکن مولانا سمیع الحق نے کہا کہ طالبان سے ملنے والی تفصیلات سرکاری کمیٹی کے سامنے رکھ دی ہیں جس پر حکومتی کمیٹی نے اطمینان کا اظہار کیا اب اس پر تفصیل سے بات چیت ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ مذاکرات کے لئے طالبان نے بھی بڑی حکمت و تدبر کا مظاہرہ کیا ہے اور ایسے کوئی مسائل کھڑے نہیں کئے جس سے مذاکرات کا عمل سبوتاژ ہو سکے البتہ پرامن فضا بنانے کیلئے دونوں جانب سے فائر بندی کی تجویز ہے تاہم آگے چل کر اس پر بھی بات ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ دھماکے کرنے والے ہماری امیدوں پر پانی پھیرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ طالبان نے ان دھماکوں سے لاتعلقی کا اعلان کیا اور دھماکے وہ لوگ کر رہے ہیں جو ہمارے خیر خواہ نہیں۔