وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کی وفاقی وزیر داخلہ سے ملاقات ،مختلف امور پر تبادلہ خیال ،وفاقی حکومت بلوچستان میں امن وامان کیلئے بلوچستان کی مخلوط حکومت سے مکمل تعاون جاری رکھی گی، چوہدری نثار علی خان،بلوچستان کے عوام نے مینڈیٹ دیا ، اولین کوشش صوبے میں امن وامان قائم کرنا ہے ، کسی کو رٹ قائم کرنے کی اجازت نہیں دینگے ، ڈاکٹر عبد المالک بلوچ

منگل 11 فروری 2014 21:29

کوئٹہ،اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11 فروری ۔2014ء) وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کی وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار سے اسلام آباد میں ملاقات تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے منگل کے روز اسلام آباد میں وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے ملاقات کی اور ان سے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا جن میں خاص طور پر صوبے میں امن وامان اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں تبادلہ خیال کیا وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے وزیراعلیٰ بلوچستان سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت بلوچستان میں امن وامان کیلئے بلوچستان کی مخلوط حکومت سے مکمل تعاون جاری رکھی گی موجودہ مخلوط حکومت عوام کی خدمت کررہی ہے اور دہشتگردی کے واقعات میں بہت نمایاں کمی ہوئی ہے جس پر مخلوط حکومت مبارکباد کے مستحق ہیں وزیراعلیٰ بلوچستان نے اس موقع پر کہاکہ بلوچستان کے عوام نے ہمیں مینڈیٹ دیا ہے ہم اسی مینڈیٹ کے تحت عوام کی خدمت کررہے ہیں وفاقی حکومت ہمارے ساتھ مکمل تعاون کررہی ہے ہماری اولین کوشش صوبے میں امن وامان عوام کو پینے کا صاف پانی فراہم کرنا تعلیم اور صحت جیسے اہم سہولتیں فراہم کرنا ہے ہماری حکومت کو قائم ہوئے تقریباً 8ماہ ہوچکے ہیں اور ہم کافی حد تک صوبے میں امن وامان قائم کرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں ہم کسی کو بھی صوبے میں رٹ قائم کرنے کی اجازت نہیں دینگے حکومت کی رٹ برقرار رکھی جائے گی اس سلسلے میں مخلوط حکومت اپنی بھر پور صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے عوام کو سہولتیں فراہم کرنے میں مصروف ہیں امن وامان برقرار رکھنا صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے جس میں ہم کافی حد تک کامیاب ہوگئے ہیں۔