الطاف حسین کا وزیر اعلیٰ سندھ سے رابطہ ،کارکنوں کے ماورائے عدالت قتل کے واقعات سے آگاہ کیا ، ایم کیو ایم کے کارکنوں اور مہاجر عوام کو ریاستی مظالم کا نشانہ بنایا جارہا ہے،ہمیں ریاستی طاقت سے ختم نہیں کیا جاسکتا ،قائد متحدہ کی گفتگو

منگل 11 فروری 2014 19:38

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11 فروری ۔2014ء) وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ اور متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہواہے ۔ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے کارکنوں کے ماورائے عدالت قتل ،غیر قانونی گرفتاریوں سے وزیر اعلیٰ کو آگاہ کیا ۔

(جاری ہے)

منگل کو وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ اور الطاف حسین کے درمیان ٹیلی فونک رابطے کے دوران الطاف حسین نے وزیر اعلیٰ سندھ سے کہا کہ ایم کیو ایم کے کارکنوں اور مہاجر عوام کو ریاستی مظالم کا نشانہ بنایا جارہا ہے ۔

ایم کیو ایم ایک ریاستی جماعت ہے ،اسے طاقت کے ذریعے ختم نہیں کیا جاسکتا ۔انہوں نے وزیر اعلیٰ سندھ سے کارکنوں کے ماورائے عدالت قتل ،حبس بے جا میں رکھنے کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔اس موقع پر وزیرا علیٰ سندھ الطاف حسین کو جواب دیا کہ ایم کیو ایم عوامی طاقت ہے ،جسے کوئی ختم نہیں کرسکتا ۔ان کے جائز مطالبات پر غور کیا جائے گا ۔