سینیٹ اجلاس، دہشت گردی اور امن وامان کی صورتحال پر بحث حکومت اور اپوزیشن اراکین کی غیر سنجیدگی کا شکار ہوگئی

منگل 11 فروری 2014 16:28

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 11فروری 2014ء) سینیٹ میں دہشت گردی اور امن وامان کی صورتحال پر بحث حکومت اور اپوزیشن اراکین کی غیر سنجیدگی کا شکار ہوگئی، بحث میں حصہ لینے کے خواہشمند اراکین اور متعلقہ وزیر کی غیر حاضری پر چیئرمین سینیٹ کا اظہار برہمی، ایوان کی کارروائی چلانے کیلئے اراکین کو زبردستی تحریک پر بحث کیلئے مجبور نہیں کرسکتا، اپوزیشن لیڈر کی تجویز پر چیئرمین سینیٹ کا غصیلا جواب، قائد ایوان کو وزیر مملکت برائے داخلہ کو ایوان میں بلانے کی ہدایت کردی۔

منگل کو سینیٹ میں سینیٹر رضا ربانی کی ملک میں امن وامان کے حوالے سے پیش کردہ تحریک پر بحث شروع ہوئی تو چیئرمین سینیٹ نیئر حسین بخاری نے بحث میں حصہ لینے کے خواہشمند اراکین سینیٹ کے نام پکارنا شروع کئے مگر تمام کے تمام دس سے زائد اراکین ایوان میں موجود نہیں تھے جس پر چیئرمین سینیٹ نے اپوزیشن لیڈر اعتزاز احسن کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن نے اس تحریک پر آج بحث مکمل کرنے کیلئے اجلاس بلوایا تھا مگر اراکین موجود نہیں ، اپوزیشن لیڈر اعتزاز احسن نے کہا کہ یہ افسوسناک امر ہے کہ اراکین سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کررہے۔

(جاری ہے)

اپوزیشن لیڈر اعتزاز احسن نے تجویز دی کہ ایوان میں موجود اراکین سے بحث کروا لی جائے جس پر چیئرمین سینیٹ نے غصے میں جواب دیا کہ کسی کو زبردستی ایوان میں اس تحریک پر بات کرنے کیلئے مجبور نہیں کرسکتا۔ تحریک پر بحث سمیٹنے کیلئے وزیر کے ایوان میں موجود نہ ہونے بارے چیئرمین سینیٹ کے استفسار پر قائد ایوان راجہ ظفر الحق نے بتایا کہ وزیر موصوف نے ساڑھے بارہ بجے ایوان میں آنے کا وقت دیا تھا کیونکہ خیال تھا کہ اس وقت تک اراکین اپنی بحث مکمل کر لی گے ، چیئرمین سینیٹ نے قائد ایوان کو فوری متعلقہ وزیر کو ایوان میں بلانے کی ہدایت کردی۔

متعلقہ عنوان :