حکومت مکمل طور پر امن کی بحالی کیلئے پرعزم ہے ، عرفان صدیقی

منگل 11 فروری 2014 16:26

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 11فروری 2014ء) طالبان سے مذاکرات کیلئے قائم کردہ حکومتی کمیٹی کے کو آر ڈینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ حکومت مکمل طور پر امن کی بحالی کیلئے پرعزم ہے ، مقصد کو حاصل کرنے کیلئے کوئی کسر نہیں چھوڑینگے ،طالبان کے کمیٹی کے جواب کے منتظر ہیں ، بعد میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائیگا ۔وہ نجی ٹی وی سے بات چیت کررہے تھے جب ان سے پوچھا گیا کہ وزیراعظم طالبان کی تین رکنی کمیٹی سے ملاقات کیلئے رضامند ہوجاتے ہیں تو عرفان صدیقی نے کہا کہ اس کا بہت زیادہ دارومدار ہماری دو بنیادی شرائط پر ٹی ٹی پی کی قیادت کے ردّعمل پر ہے کہ یہ مذاکرات آئین کے دائرہ کار کے اندر منعقد کیے جائیں گے اور اس کا اطلاق قبائلی پٹی کے صرف شورش زدہ علاقوں تک محدود ہوگا۔

(جاری ہے)

عرفان صدیقی نے کہا کہ جب سے مولانا محمد یوسف شاہ جو جے یو آئی ایس کے سربراہ اور طالبان کمیٹی کے سربراہ مولانا سمیع الحق کے نمائندے ہیں اور جماعت اسلامی کے پروفیسر ابراہیم ٹی ٹی پی شوریٰ کے ساتھ میٹنگ کے بعد واپس لوٹے ہیں ہم نتائج حاصل کرنے کے لیے بے چینی کے ساتھ ان کی ملاقات کے منتظر ہیں انہوں نے کہا کہ میں نے مولانا محمد یوسف شاہ سے ٹیلی فون پر بات کی تھی اور یہ فیصلہ کیا تھا کہ دونوں کمیٹیوں کا ایک اجلاس منعقد کیا جائے تاکہ بات چیت کو آگے بڑھایا جاسکے۔

مولانا یوسف شاہ نے مثبت جواب دیا اب دیکھتے ہیں کہ وہ ٹی ٹی پی کی قیادت سے ہمارے لیے کیا پیغام لے کر آئے ہیں۔عرفان صدیقی نے اس کا اعادہ کیا کہ حکومت ملک میں مکمل طور پر امن کی بحالی کیلئے پرعزم ہے اور اس مقصد کو حاصل کرنے کے لیے کوئی کسر نہیں چھوڑیگی۔

متعلقہ عنوان :