Live Updates

پنجاب کے تمام اضلاع کے دیہی علاقوں میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے پراجیکٹ پر تیزی سے کام جاری ہے ‘ حمزہ شہباز شریف ،10 ارب روپے لاگت کے اس منصوبے کی موثر مانیٹرنگ کیلئے ہر ڈی سی او کے دفتر میں کنٹرول روم قائم کیا جائے گا‘ رکن قومی اسمبلی

پیر 10 فروری 2014 22:59

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10 فروری ۔2014ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما و رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب کے تمام اضلاع کے دیہی علاقوں میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے صافی پانی پراجیکٹ پر تیزی سے کام جاری ہے اور اس سال کے آخر تک 1279 واٹر فلٹریشن پلانٹس صوبے کے طول و عرض میں نصب کر دیئے جائیں گے ،منصوبے کی بروقت تکمیل اور نگرانی و دیکھ بھال میں اضلاع کے ڈی سی اوز کا کردار مرکزی اہمیت کاحامل ہے ، 10 ارب روپے لاگت کے اس منصوبے کی موثر مانیٹرنگ کیلئے ہر ڈی سی او کے دفتر میں کنٹرول روم قائم کیا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سوموار کے روز صاف پانی پراجیکٹ کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں تمام متعلقہ اضلاع کے ڈی سی اوز نے شرکت کی - حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ صاف پانی پراجیکٹ کے پی سی ون کی تیاری کے بعد بین الاقوامی شہرت کی حامل 13 کمپنیاں اوپن بڈنگ میں سامنے آچکی ہیں جن کی استعداد کار سابقہ ریکارڈ اور اہلیت کا جائزہ لیا جار ہا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پورے صوبے میں مجموعی طور پر 1853 فلٹریشن پلانٹس کی تنصیب پر کام جاری ہے جن میں سے 1279 پلانٹس رواں سال کے آخر تک مکمل ہو جائیں گے۔ حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ واٹر فلٹریشن پلانٹس کے لئے مناسب جگہوں کے حصول، وہاں رکاوٹوں کے خاتمہ اور فلٹریشن پلانٹس کی تنصیب کے بعد اس کی مینٹیننس انتہائی اہم امور ہیں۔ ان امور کی نگرانی کی بنیادی ذمہ داری ڈی سی اوز پر ہی عائد ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ صاف پانی پراجیکٹ انسانی خدمت کا ایک عظیم منصوبہ ہے جس کی تکمیل سے لاکھوں کروڑوں انسانوں کی زندگی کا پانی سے پھیلنے والی جان لیوا بیماریوں سے بچاؤ ممکن ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ واٹر فلٹریشن پلانٹس کی تنصیب کے منصوبے میں کسی قسم کی سیاست اور نہ نوکر شاہی کا مفاد کافرفرما ہے ۔ خالصتا اللہ کی ر ضا اور خلق خدا کی بھلائی کیلئے شروع کئے گئے اس منصوبے میں شفافیت اور اعلی معیار برقرار رکھنے کیلئے تمام متعلقہ بیوروکریسی اور عوام کے منتخب نمائندوں کو اپنا بھرپور حصہ ڈالنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ سابق حکومت نے انسانی صحت کو درپیش اس گھمبیر مسئلہ پر سوائے زبانی جمع خرچ کے کچھ نہیں کیا۔ ہماری حکومت کو الحمداللہ یہ توفیق ہوئی ہے کہ ہم نے عام آدمی کو درپیش دیگر مسائل کے ساتھ اس سنگین مسئلہ پر بھی توجہ دی ہے اور اہل پنجاب خصوصا دیہی علاقوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی سوفیصد یقینی بنانے کے عظیم منصوبے کا آغاز کیا ہے ۔

Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات