آئیسکو جیسے منافع بخش ادارے کوبیچنے نہیں دیں گے، سینیٹر زاہد خان،پاکستان کی مثالی اور نمبر ون کمپنی کی نجکاری ملکی و عوامی مفاد کیخلاف ہے ، جاوید بلوچ،آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین کے وفد کی چیئرمین قائمہ کمیٹی پانی و بجلی سے ملاقات

پیر 10 فروری 2014 20:46

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10 فروری ۔2014ء) سینیٹ میں پانی و بجلی کی قائمہ کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر زاہد خان نے کہا ہے کہ وہ آئیسکو کی نجکاری کے بارے میں ملازمین کے موقف سے حکومت کو آگاہ کریں گے اورکسی عالمی ادارے کے دباؤ پر آئیسکو جیسے منافع بخش ادارے کو بیچنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ اس خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین (سی بی اے)کے ریجنل سیکرٹری جاوید اقبال بلوچ، محمد رمضان جدون، محمد اشفاق، طارق باچہ اور سجادحسین ساجدپر مشتمل وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

قبل ازیں جاوید اقبال بلوچ نے چیئر مین قائمہ کمیٹی کو اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی کی نجکاری سے متعلق حکومتی فیصلے کے مضمرات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ آئیسکو اپنی کارکردگی کے لحاظ سے پاکستان کی نمبر ون کمپنی ہے اس کے لائن لاسز سب سے کم اور ریکوری کی شرح سب سے زیادہ ہے اسے نجی سرمایہ داروں کے حوالے کرنا ملک و قوم کے مفاد کے خلاف ہے۔ سینیٹر زاہد خان نے یونین کے موقف سے اتفاق کرتے ہوئے وفد کو یقین دلایاکہ وہ آئیسکو کارکنوں کے حقوق اور عوامی مفاد کے تحفظ کیلئے اپنا بھر پور کردار ادا کریں گے اور بلا سوچے سمجھے کسی بھی قومی ادارے کی نجکاری کی اجازت نہیں دی جائے گی۔