چیئرمین سینیٹ کا دنیا کے دوسرے ممالک کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کا نظام تشکیل دینے کیلئے سینیٹ کی خصوصی کمیٹی تشکیل دینے کا اعلان، اسلام آباد کے معاملات کو دیکھنے کیلئے ایک الگ وزارت بنائی جائے ، ڈاکٹر سعیدہ اقبال ، مشاہد حسین سید، کرنل (ر) طاہر حسین مشہدی

پیر 10 فروری 2014 20:42

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10 فروری ۔2014ء) چیئرمین سینیٹ نیئر حسین بخاری نے دنیا کے دوسرے ممالک کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کا نظام تشکیل دینے کیلئے سینیٹ کی خصوصی کمیٹی تشکیل دینے کا اعلان کیا ہے۔ پیر کو سینیٹ میں ڈاکٹر سعیدہ اقبال کی تحریک پر رولنگ دیتے ہوئے کہا کہ دنیا کے تمام ممالک نے وفاقی دارالحکومت کا الگ نظام موجود ہوتا ہے جبکہ اسلام آباد میں نہ تو کوئی مقامی حکومت کا نظام ہے اور نہ ہی کوئی صوبائی اسمبلی کا وجود ہے ۔

انہوں نے کہا کہ سینیٹ کی حکومت اور اپوزیشن کے اراکین پر مشمتل کمیٹی تشکیل دی جائیگی جو دنیا بھر میں وفاقی دارالحکومتوں کے نظاموں کا جائزہ لے اور وفاق پاکستان میں رہتے ہوئے وفاقی دارالحکومت کے عوام کے حقوق کو یقینی بنانے کیلئے نظام وضح کرے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کمیٹی کے اراکین کا اعلان قائد ایوان اور اپوزیشن لیڈر کی مشاورت سے کیا جائیگا ۔

اس سے قبل تحریک پر اظہار خیال کرتے ہوئے سینیٹر سعیدہ اقبال نے کہا کہ اسلام آباد کے ہسپتالوں میں ادویات نہیں سکولوں کی چار دیواری نہیں یہاں کی عوام کا کوئی پرسان حال نہیں ہے انہوں نے مطالبہ کیا کہ اسلام آباد کے معاملات کو دیکھنے کیلئے ایک الگ وزارت بنائی جائے کیونکہ اسلام آباد کی فاٹا سے بھی بدتر حالت ہے یہ کسی کے ماتحت نہیں ہے کبینٹ ڈویژن کے نیچے دینا عوام کی توہین ہے۔ سینیٹر مشاہد حسین سید نے بھی اس موقف کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ ایک الگ وزارت بنائی جائے جو اسلام آباد کے شہریوں کو حقوق کو تحفظ فراہم کرے۔ کرنل (ر) طاہر حسین مشہدی نے بھی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم اور صحت کے حوالے سے اسلام آباد کے شہری بہت سفر کر رہے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :