فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے ماضی میں سیاسی بنیادوں ، ذاتی مفاد اور قانون کے منافی مراعاتی اور رعایتی ایس آر اوز کے بتدریج خاتمے کیلئے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی سربراہی میں اعلی سطحی کمیٹی تشکیل دیدی

پیر 10 فروری 2014 19:21

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10 فروری ۔2014ء) وزیراعظم نوازشریف کی ہدایت پر فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے ماضی میں سیاسی بنیادوں ، ذاتی مفاد اور قانون کے منافی مراعاتی اور رعایتی ایس آر اوز کے بتدریج خاتمے کیلئے وفاقی وزیر خزانہ اسحق ڈار کی سربراہی میں اعلی سطحی کمیٹی تشکیل دی ہے اور خیبر پختونخوا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر زاہداللہ شنواری کو اس کمیٹی کا ممبر منتخب کیاگیا ہے ۔

کمیٹی میں وفاقی وزیر صنعت ، وفاقی وزیر منصوبہ بندی اور ترقی ، وزیر مملکت برائے تجارت اور ٹیکسٹائل ، چیئرمین بورڈ آف انوسٹمنٹ ، وفاقی سیکرٹری انڈسٹری اور وفاقی سیکرٹری ریونیو ڈویژن / چیئرمین ایف بی آر اور کراچی ، لاہور اور کوئٹہ چیمبر کے صدور بھی شامل ہیں ۔ یہ کمیٹی وفاقی بجٹ برائے سال 2014-15ء سے قبل سابقہ حکومتوں کے دور میں سیاسی بنیادوں ، ذاتی مفاد اور قانون کے منافی مراعاتی اور رعایتی ایس آر اوز کے بتدریج خاتمے یا ان میں کمی کے لئے اپنی سفارشات پیش کرے گی جس کے بعدان رعایتی اور مراعاتی ایس آر اوز کو آئندہ تین سال کی مدت میں کم یا ختم کیا جائے گا ۔

(جاری ہے)

خیبر پختونخوا چیمبر کے صدر زاہداللہ شنواری نے 3فروری کو وفاقی وزیر خزانہ اسحق ڈار کی زیر صدارت ریویو کمیٹی کے پہلے اجلاس میں شرکت کی تھی جس میں بتایا گیا کہ ان رعایتی ایس آر اوز کی وجہ سے قومی خزانہ کو 500ارب روپے سالانہ نقصان پہنچ رہا ہے ۔اجلاس میں ایف بی آر کے چیئرمین طارق باجوہ سمیت دیگر اعلی حکام نے بھی شرکت کی تھی ۔ ریویو کمیٹی کا دوسرا اجلاس آج 11فروری کو اسلام آباد میں وفاقی وزیر خزانہ اسحق ڈار کی زیر صدارت منعقد ہوگا جس میں خیبر پختونخوا چیمبر کے صدر زاہداللہ شنواری شرکت کریں گے اور رعایتی اور مراعاتی ایس آر اوز کے حوالے سے اپنی سفارشات پیش کریں گے۔

متعلقہ عنوان :