حکومت کی جانب سے شروع پولیو مہم کے دوران پشاور میں پانچ لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلائے جاچکے ہیں، خیبرپختونخوا حکام

پیر 10 فروری 2014 16:17

پشاور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 10فروری 2014ء) خیبرپختونخوا حکومت کے حکام نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کی جانب سے شروع کی گئی پولیو مہم کے دوران پشاور میں پانچ لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلائے جاچکے ہیں ۔ خیبرپختونخوا کی 60 یونین کونسلوں میں منعقدہ پولیو مہم میں 12 ہزار ہیلتھ ورکرز نے حصہ لیا۔ ”صحت کا انصاف“ نامی پروگرام کے تحت دوسرے و ویکسین پلانے والے ہیلتھ ورکروں کو 5ہزار پولیس اہلکاروں نے سیکیورٹی فراہم کی۔

صوبائی حکومت کے اہلکار کے مطابق تحریک انصاف کی حکومت کی جانب سے پولیو سے تحفظ فراہم کرنیوالے پروگرام کو سیاسی طور پر اپنانے کے باعث ریکارڈ کامیابی ہوئی ہے۔یہ مہم بارہ ہفتوں تک جاری رہے گی جس میں بچوں کو ویکسین پلائی جائیگی۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق صوبے میں گزشتہ 19ماہ کے دوران پولیو مہم کے 20ورکرزکو قتل کیا جاچکا ہے۔حکام نے بتایا کہ شکوک وشبہات میں مبتلا لوگوں کے خدشات موجودہ مہم سے کافی حد تک دور ہوئے ہیں ، صحت کا انصاف پروگرام کے ہدف 5لاکھ 50ہزار میں سے 5 لاکھ 21 ہزار بچوں کو پولیو ویکسین پلا چکے ہیں۔

حکام نے میڈیا کو بتایا کہ پولیو مہم کیساتھ ساتھ ڈینگی سے بچاؤ کی آگاہی کیلئے بھی ایک لاکھ 50ہزار سے زیادہ کتابچے گھر گھر تقسیم کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ پولیو کے قطرے پلانے والے ہیلتھ ورکرز نے گزشتہ ہفتے 12ہزار سے زائد حفظان صحت کی کٹس مسلم ٹاؤن میں گھروں کو فراہم کیں ہر کٹ میں چار نہانے کے صابن، دو تولئے، دو پانی کے برتن اورایک بالٹی شامل تھی، 9 فروری کو لاراما اور اخوند آباد کے رہائشیوں ک و بھی کٹس فراہم کی گئیں۔پی ٹی آئی رہنماؤں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مہم کی کامیابی کا سہرا پارٹی کے تبدیلی رضا کاروں کے سر ہے ، تین مہینے کے بعد پولیو مہم کا یہی طریقہ کار صوبے کے دیگر ضلعوں میں بھی اپنایا جائیگا۔