خطے میں آئندہ متوقع تبدیلیاں رونما ہونیوالی ہیں ،موجودہ حکومت ملک سے مسائل کے خاتمے کیلئے پرعزم ہے ‘ صدر مملکت ممنو ن حسین

پیر 10 فروری 2014 16:17

خطے میں آئندہ متوقع تبدیلیاں رونما ہونیوالی ہیں ،موجودہ حکومت ملک ..

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 10فروری 2014ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ خطے میں آئندہ متوقع تبدیلیاں رونما ہونیوالی ہیں ،موجودہ حکومت ملک سے مسائل کے خاتمے کیلئے پرعزم ہے اور کوشش ہے کہ ملک کو امن کا گہوارہ بنایا جائے اور اسے تنزلی سے نکال کر ترقی و خوشحالی کی شاہراہ پر گامزن کیا جائے،پاکستان کو اس وقت دہشتگردی ،انتہاء پسندی، توانائی ،معیشت ،کرپشن اور غربت سمیت دیگر سنگین چیلنجز کا سامنا ہے لیکن حکومت ان پر قابو پانے کیلئے دن رات کوشاں ہے ،پاکستان کی بد قسمتی ہے کہ اسے بیحد نقصان پہنچایا گیا لیکن اب یہ مزید اس کا متحمل نہیں ہو سکتا ،پاکستان تمام ممالک سے خوشگوار تعلقات کا خواہاں ہے اور اسکے لئے عملی کاوشیں بھی جاری ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سوموار کے روز سول سروسز اکیڈمی میں پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کے 36 ویں سپیشلائزڈ ٹریننگ پروگرام کی پاسنگ آؤٹ تقریب سے خطاب کر تے ہوئے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور‘ صوبائی وزیر تعلیم پنجاب رانا مشہود احمد‘ ڈائریکٹر جنرل سول سروسز اکیڈمی فرخندہ وسیم افضل‘ ریکٹر نیشنل سکول آف پبلک پالیسی اسماعیل قریشی سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی موجو د تھے ۔

صدر مملکت نے اس موقع پر فارغ التحصیل ہو نے والے افسران کو مبا رکبا د دی اور کہا کہ وہ محنت ، لگن اور خلوص کے ساتھ کام کریں تاکہ عوام کو معیا ری خدمات فراہم کی جا سکیں جبکہ صدر مملکت نے سول سروسز اکیڈمی کی کمپیو ٹر لیب کی اپ گریڈیشن کیلئے 50لاکھ روپے کی گرانٹ کا بھی اعلان کیا ۔ صدر مملکت نے اپنے خطاب میں کہا کہ حکومت عوام اور ملک کے بہترین مفاد میں خلو ص نیت کے ساتھ مسائل کے دیر پا حل اور عوام کا معیا ر زندگی بہتر کرنے کیلئے کو شا ں ہے۔

حکومت کو دہشتگردی ، انتہا پسندی ، غربت ، کرپشن اور توانائی اور معیشت کو پاؤں پر کھڑے کرنے جیسے بڑے چیلنجز کا سامنا ہے لیکن حکومت ان چیلنجز پر قابو پانے کیلئے پر عزم ہے تاکہ ملک میں پائیدار امن ، ترقی اور خوشحالی کو یقینی بنایا جا سکے۔حکومت کے وژن کو عملی شکل دینے میں سرکا ری افسران کا کر دار بہت اہم ہے اس لئے فارغ التحصیل ہونے والے افسران اس میں اپناکردار اداکریں ۔

صدر مملکت نے مزید کہا کہ ہم اس وقت ایک اہم ترین دور میں داخل ہونے جارہے ہیں ۔ بدقسمتی سے مختلف وجوہات کی بناء پر پاکستان میں جو ترقی ہونی چاہیے تھی وہ نہیں ہوسکی اور ہمارے ادارے تنزلی کا شکار ہوئے۔سول سرونٹس کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ محنت اورلگن کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں نبھائیں تاکہ ملک کو درپیش چیلنجز پر قابو پایا جاسکے ۔سول سرونٹس کسی بھی ریاست میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اور ملک کی اقتصادی ترقی میں اپنا اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔

اگر افسران دیانتداری اور خلوص نیت کے ساتھ ملک و قوم کی خدمت کریں تو میرا پختہ یقین ہے کہ پاکستان نہ صرف ترقی کرے بلکہ اپنا کھویا ہوا وہ مقام بھی حاصل کرے گا۔اس موقع پرصدر مملکت ممنون حسین نے کہا کہ آئندہ خطے میں متوقع تبدیلیاں رونما ہونیوالی ہیں جن میں سے ایک بڑی تبدیلی یہ ہو گی کہ پاکستان اپنے دوست ملک چین کے ساتھ مل کر اقتصادی راہداری بنانے جارہا ہے جس سے خطے کے تمام ممالک استفادہ حاصل کرینگے۔

صدر مملکت نے فارغ التحصیل ہونے والے افسران کو دوبارہ مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ امر خوشی کا باعث ہے کہ ان میں 25 فیصد تعداد خواتین کی ہے جو ملک کی ترقی کیلئے ایک اہم پیغام اور دیگر خواتین کیلئے حوصلہ افزائی کا باعث بھی ہے۔ صدر مملکت نے افسران میں ایوارڈ اور سرٹیفکیٹس بھی تقسیم کئے۔

متعلقہ عنوان :