کراچی شپ یارڈ میں تعمیر کیے جانے والے 32 ٹن بولارڈ پُل ٹگ کی حوالگی کی تقریب

پیر 10 فروری 2014 16:09

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 10فروری 2014ء) پاک بحریہ کے لیے تعمیر کیے جانے والے32ٹن بولارڈ پل ٹگ کی پاک بحریہ کوحوالے کرنے کی تقریب پیرکو کراچی شپ یارڈ میں منعقد ہوئی۔ وائس ایڈمرل شفقت جاوید ، ڈپٹی چیف آف نیول اسٹاف اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔اس موقع پر مہمان خصوصی وائس ایڈمرل شفقت جاوید نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مقامی پیداوار ی صلاحیت او ر خود انحصاری پاک بحریہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور اس تناظر میں پاک بحریہ ، کراچی شپ یارڈ کی ہر ممکن مدد کرتی رہی ہے۔

انہوں نے شپ یارڈ کی حالیہ کارکردگی کو سراہتے ہو کہا کہ گزشتہ سال کراچی شپ یارڈ نے بحریہ کیلئے چار جہازبشمول ایف بائیس فریگیٹ معیار کے عین مطابق بروقت تکمیل تک پہنچائے ہیں اور یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ کراچی شپ یارڈ اپنے احداف کے حصول میں نہ صرف کامیاب ہے بلکہ ملکی معیشت اور دفاع میں اپنا کردار ادا کررہا ہے۔

(جاری ہے)

اس سے قبل کراچی شپ یارڈ کے ایم ڈی ریئر ایڈمرل سید حسن ناصر شاہ نے اپنے استقبالیہ خطاب میں کہا کہ کراچی شپ یارڈ 10سے 40ٹن تک کے متعدد ٹگز تعمیر کر چکا ہے مگر اس ٹگ کی تعمیر مضبوط ڈیزائن، جدید آلات اور کثیر المقاصد کاموں کیلئے بنائی گئی مشینری کی وجہ سے منفرد ہے۔

انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ تعمیری معاہدے کے تمام سنگ میل وقت سے قبل مکمل کیے گئے۔ انہوں نے مختصراً شپ یارڈ کی کارکردگی کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت متعدد منصوبے زیر تکمل ہیں جن میں 17ہزار ٹن فلیٹ ٹینکر، فاسٹ اٹیک کرافٹ میزائل ، 12 ٹن بولارڈ پل پشر ٹگ اور پاک فوج کے لیے 22عدد بوٹس شامل ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کراچی شپ یارڈ کا جہازوں کی مرمت کا شعبہ پاک بحریہ، کراچی پورٹ ٹرسٹ، پورٹ قاسم اتھارٹی اور بیرون ممالک سے آئے ہوئے جہازوں کی مرمت اور ڈاکنگ کی ضروریات احسن طریقے سے پوری کررہا ہے۔

اس ٹگ کی لمبائی 34 میٹر اور وزن481 ٹن ہے جبکہ رفتار12 ناٹس اور بولارڈ پل 32 ٹن ہے۔ ٹگ کے چاروں اطراف مضبوط فینڈرز لگے ہیں اور یہ ٹگ ہر قسم کے جہاز کو کھینچنے کا کام سر انجام دے سکتا ہے۔ تقریب میں جنوبی کوریا کے اعلی وفد، پاک بحریہ، کراچی شپ یارڈ اور دیگر سرکاری اور نجی اداروں کے اعلٰی حکام نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :