سری لنکا بھی ساتھ چھوڑجاتا تو بھی بگ تھری کے معاملے پر اصولی موقف پرڈٹے رہتے ‘ چیئرمین پی سی بی

پیر 10 فروری 2014 14:33

سری لنکا بھی ساتھ چھوڑجاتا تو بھی بگ تھری کے معاملے پر اصولی موقف پرڈٹے ..

لاہور( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 10فروری 2014ء) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین چوہدری ذکاء اشرف نے کہا ہے کہ اگر سری لنکا بھی ساتھ چھوڑجاتا تو بھی بگ تھری کے معاملے پر اصولی موقف پرڈٹے رہتے ،یہ تاثر غلط ہے کہ پاکستان تنہائی کا شکار ہو گیا ہے یا بگ تھری سے پاکستان میں کرکٹ کی بحالی ممکن تھی ،جلد ہی گورننگ بورڈ کی میٹنگ بلا رہے ہیں جسکے بعد جنرل باڈی کی میٹنگ بلائی جائے گی اور سب کی رائے اور مشاورت سے جو طے پائے گا پی سی بی اس پرعمل پیرا ہوگا ۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے آئی سی سی کے سنگا پور میں ہونیوالے اجلاس میں شرکت کے بعد وطن واپسی پر لاہور ائیر پورٹ پرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ ذکاء اشرف نے کہا کہ جنوبی افریقہ کے رویے پر افسوس ہوا اس نے پاکستان اور سری لنکا کا ساتھ چھوڑ کر درست اقدام نہیں کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم نے کرکٹ کے لئے اپنا اصول موقف اپنایا جبکہ دوسرے ممالک نے اپنے مفادات کو ترجیح دی ۔

انہوں نے کہا کہ یہ تاثر قطعی غلط ہے کہ پاکستان اپنے فیصلے سے تنہائی کا شکار ہو گیا ہے ۔ ہم نے اصولی موقف اپنایا اور اگر سری لنکا بھی ساتھ چھوڑ جاتا تو بھی ہم اپنے موقف سے کسی صورت پیچھے نہ ہٹتے ۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی سے بات کی ہے کہ بگ تھری کے معاملے پر گورننگ بورڈ سے مزید بات چیت اور پی سی بی کے پیٹرن انچیف وزیر اعظم محمد نواز شریف کی رہنمائی لینا چاہتے ہیں ۔

وطن واپس آیا ہو ں اب اس سلسلہ میں اقدامات کریں گے۔ آئندہ چند روز میں گورننگ بورڈکا اجلاس بلایا جائے گا جس میں سارے معاملے پر تفصیلی مشاورت کریں گے اور اسکے بعد جنرل باڈی کی میٹنگ بلائی جائے گی جس میں کرکٹ سے وابستہ رہنے والے سابقہ چیئرمین بھی شریک ہونگے انکی رائے اورمشاورت سے جو اتفاق رائے ہو گا اس پر عمل پیرا ہوں۔انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ بگ تھری کی حمایت کر کے پاکستان میں کرکٹ کی بحالی ممکن نہیں تھی بلکہ بگ تھری تو فنڈزکا معاملہ ہے ۔

اب آئی سی سی میں ان تین بورڈز کو زیادہ فنڈز ملیں گے جبکہ دوسری بورڈز کو فنڈز ملیں گے اور ہم نے اسی کے خلاف موقف اپنایا ۔پاکستان میں کرکٹ کی بحالی میں سکیورٹی رکاوٹ ہے اور جس دن یہ معاملات درست ہو گئی انٹر نیشنل کرکٹ بحال ہو جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ میں جمہوری طو رپرمنتخب ہوا ہوں اور عدلیہ نے مجھے بحال کیا ہے ۔