صدر ممنون حسین کا لاہور آمد پر گورنر ، وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے کابینہ کے اراکین اور اعلیٰ سرکاری حکام کے ہمراہ استقبال کیا

پیر 10 فروری 2014 13:34

لاہور( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 10فروری 2014ء) صدر مملکت کا عہدہ سنبھالنے کے بعد ممنون حسین کی پہلی مرتبہ لاہور آمد پر پرتپاک استقبال کیا گیا ، لاہور کے اولڈ ٹرمینل پر گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور، وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے صوبائی کابینہ کے اراکین اور اعلیٰ سرکاری حکام کے ہمراہ استقبال کیا ۔لاہور آمد کے بعد صدر مملکت نے گورنر پنجاب اور صوبائی وزراء کے ہمراہ سب سے پہلے بزرگ ہستی حضرت داتا گنج بخش ، کے مزار مبارک پرحاضر ی دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی ۔

اس موقع پر صدر مملکت نے فاتحہ خوانی اور ملک و قوم کی سلامتی اور ترقی کیلئے دعائیں بھی کیں۔ ممنون حسین نے کہا کہ جنوبی ایشیاء میں اسلام کی تبلیغ اشاعت کے لئے بے پناہ کام کیا ۔بعد ازاں صدر مملکت نے گورنر پنجاب او رصوبائی وزراء کے ہمراہ شاعر مشرق علامہ اقبال ، کے مزار مبارک پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر صدر مملکت کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا ۔ صدر مملکت نے مہمانوں کی کتاب میں تاثر بھی قلمبند کئے ۔ انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال نے اپنے کلام سے جنوبی ایشیاء کے مسلمانوں میں بیداری پیدا کی ۔ پاکستان کوحال اور فلاحی مملکت بنانا علامہ اقبال کے خواب کی تکمیل ہے ۔ صدر مملکت کی لاہور آمد کے موقع پرسکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے جبکہ صدر کے سکواڈ کو گزارنے کیلئے کئی شاہراہوں کو عام ٹریفک کے لئے بند رکھے جانے کی وجہ سے ٹریفک کا نظام معطل رہا ۔