رانا ثنا اللہ نے عابد شیر علی کے بیانات کو نامناسب قرار دیدیا

اتوار 9 فروری 2014 22:18

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔9فروری۔2014ء) وزیر قانون پنجاب رانا ثنا اللہ نے وزیر مملکت عابد شیر علی کے بجلی چوری کے بیانات کو نامناسب قرار دیدیا ہے اور کہا ہے کہ واپڈا کے پاس ایسا کوئی نظام نہیں کہ وہ حلقے کی نشاندہی کرکے بجلی چوری کا کسی کو ذمہ دار ٹھہرائیں۔ فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر قانون کا کہنا تھا کہ حلقہ وائز چوری کا کوئی ریکارڈ ہی موجود نہیں تو پھر نشاندہی کیسی اور یہ مناسب نہیں کہ فلاں حلقے میں اتنی چوری ہو رہی ہے اور فلاں ذمہ دار ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کراچی آپریشن پر مکمل اعتماد ہے مگر ریاستی تشدد کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔ ایم کیوایم کے کارکن پر پولیس کے تشدد کا وزیر اعلیٰ کو نوٹس لینا چاہیے۔ رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ کراچی میں جاری آپریشن اور طالبان کیساتھ جاری مزاکرات کی کامیابی کیلئے دعا گو ہیں۔ طالبان کیساتھ جاری مذاکرات انتہائی حساس معاملہ ہے اور طالبان کی جانب سے دیئے گئے مطالبات پر حکومتی کمیٹی کو اظہار خیال کا موقع دینا چاہیئے۔ رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ کراچی میں فہد عزیز کا واقعہ انتہائی تشویشناک ہے۔ وزیر اعلی سندھ کو ریاستی تشدد جیسے واقعہ کا سخت نوٹس لینا چاہیے۔

متعلقہ عنوان :