وزیر اعظم کاطالبان سے مذاکرات کا فیصلہ انکی سیاسی بصیرت اور ملک میں قیام اَمن کیلئے ان کے عزم کا عملی ثبوت ہے ‘ گورنر پنجاب،بد عنوانی اور کرپشن ملک کو دیمک کی طرح چاٹ رہی ہے ،خاتمے کیلئے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا‘چوہدری محمد سرور کا ایف پی سی سی آئی کی تقریب سے خطاب،خطے میں پائیدار اَمن کے قیام کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے ‘ گورنر سے کشمیری رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال یاسین ملک کی ملاقات

اتوار 9 فروری 2014 20:51

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔9 فروری ۔2014ء) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کی طرف سے طالبان کے ساتھ مذاکرات کا اعلان ان کی سیاسی بصیرت اور ملک میں قیام اَمن کے لئے ان کے عزم کا عملی ثبوت ہے اورامید ہے کہ اس فیصلے کے مثبت اثرات مرتب ہوں گے،بد عنوانی اور کرپشن ملک کو دیمک کی طرح چاٹ رہی ہے جس کے خاتمے کے لئے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس لاہور میں فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے زیر اہتمام بیسٹ پرفارمنس ایوارڈز 2014ء کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ تاجر برادری ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں جو توانائی کے بحران اور انتہا پسندی جیسے مسائل کے باوجود ملک میں صنعت کا پہیہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بزنس کمیونٹی کی کوششوں کے نتیجے میں آج ملک کی معیشت میں بتدریج بہتری آرہی ہے اور روزگار کے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف ملک سے توانائی کے بحران کے خاتمے کے لئے ذاتی طور پر کوششیں کررہے ہیں تاکہ سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی کے لئے انہیں زیادہ سے زیادہ مراعات حاصل ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ یورپی منڈیوں میں پاکستانی برآمدات کے لئے جی ایس پی پلس سٹیس کا حصول ایک اہم سنگ میل ہے جس سے ملک کی معیشت پر دورست نتائج مرتب ہوں گے۔

اس موقع پر گورنر پنجاب نے تقریب میں بزنس کمیونٹی کے عہدیداران میں گولڈ میڈلز کے ساتھ ساتھ اعزازی شیلڈ زبھی تقسیم کیں۔ دریں اثناء، گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے گورنر ہاؤس لاہور میں حافظ امیر علی کی قیادت میں اوورسیز پاکستانیوں کے وفد نے ملاقات کی اور گورنر پنجاب کوجی ایس پی پلس سٹیٹس کے حصول پر مبارک باد دی۔ گورنر پنجاب نے کہا اوورسیز پاکستانی خواہ دُنیا کے کسی بھی خطے میں ہیں وطن سے محبت کے جذبے سے نہ صرف سرشار ہیں بلکہ پاکستان کی خدمت کے لئے ہمہ وقت تیار بھی رہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ انہیں تار کین وطن کے مسائل کا ادراک ہے اور اس کے حل کے لئے وہ اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔ اس موقع پر وفد کے سربراہ حافظ امیر علی نے گورنر پنجاب کو صوبے کے مختلف علاقوں میں تین واٹر فلٹریشن پلانٹس کی تنصیبات کے لئے چیک پیش کئے۔ قبل ازیں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ خطے میں پائیدار اَمن کے قیام کے لئے مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے اور پاکستان اس مقصد کے حصول کے لئے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔

یہ بات انہوں نے گورنر ہاؤس لاہور میں کشمیری رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال یاسین ملک سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے مسٴلہ کشمیر کے حل کے لئے ہر دور میں عالمی سطح پر آواز بلند کی اور انہی کوششوں کے نتیجے میں آج یہ مسٴلہ عالمی سطح پر اجاگر ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے اور کشمیریوں کو حق خودارادیت دلانے کے لئے اقوام متحدہ کی قرادادوں پر عملدرآمد کو یقینی بنائے۔

گورنر نے کہا کہ پاکستانی عوام کشمیر کی آزادی تک کشمیریوں کی اخلاقی ، سیاسی اور سفارتی سطح پر حمایت جاری رکھے گی۔ اس موقع پر کشمیری رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال یاسین ملک نے گورنر پنجاب سے کہا کہ برطانیہ کے پہلے مسلم رہنما ہونے کے ناطے برطانیہ کی سیاست میں ان کا اہم کردار رہا ہے اور وہ مسٴلہ کشمیر کے حل کے لئے عالمی سطح پر اپنا ذاتی اسرو رسوخ استعمال کریں۔ انہوں نے کشمیریوں کی حمایت پر پاکستانی عوام اور حکومت کا شکریہ بھی ادا کیا۔