کراچی پولیس ایم کیو ایم اور مہاجروں کو دہشت گرد ثابت کرنا چاہتی ہے، خالد مقبول صدیقی

اتوار 9 فروری 2014 18:14

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔9فروری۔2014ء) متحدہ قومی مومنٹ کے ڈپٹی کنوینر خالد مقبول صدیقی کا کہنا ہے کہ کراچی پولیس ایم کیو ایم اور پوری مہاجر قوم کو دہشت گرد ثابت کرنا چاہتی ہے۔کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ کراچی پولیس شہر کی سب سے بڑی بھتہ خور ہے، رشوت دے کر کراچی میں پوسٹگز کرائی جاتی ہیں اور شہریوں سے یومیہ 22 کروڑ روپے بھتہ وصول کیا جاتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی پولیس ایم کیو ایم کے کارکنوں کو اٹھا کر بیہیمانہ تشدد کا نشانہ بنا رہی ہے، ایم کیو ایم کے درجنوں کارکن لا پتہ ہیں جبکہ 10 کارکنوں کو ماورائے عدالت قتل کیا جا چکا ہے۔خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ پولیس کی دہشت گردی کی وجہ سے ایم کیو ایم کے کارکنوں کے صبر کا پیمانہ لبریز ہونے کو ہے، ایم کیو ایم کے کارکن فہد عزیز کو پٹرول بھرے انجیکشن لگائے گئے اور ان کے ہونٹوں پر کرنٹ لگایا گیا، کراچی کی عوام فہد عزیز کو دوبارہ دولہا بنائے گی۔

(جاری ہے)

ایم کیو ایم کے ڈپٹی کنوینر کا کہنا تھا کہ کراچی پولیس ٹارچر کے ذریعے ہاتھی کو بھی ہرن منوا لیتی ہے اور اپنی مرضی کا بیان اگلو لیتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نواز شریف، وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف پولیس کے اس بے رحمانہ اور بیہیمانہ تشدد کا فوری نوٹس لیں۔ اس کے ساتھ ساتھ خالد مقبول صدیقی نے کراچی پولیس کو بھی متنبہ کیا کہ وہ اپنی دہشت گردی اور نسل پرستی کو قابو میں رکھیں۔

ایم کیو ایم کے رہنما حیرر عباس رضوی کا کا کہا تھا کراچی پولیس کی جانب سے ایم کیو ایم کے کارکنوں پر بیہیمانہ تشدد کی پرزور مذمت کرتے ہیں، ساری دنیا کو پتہ ہے پولیس والوں کے قتل کے پیچھے کون سی کالعدم اور دہشت گرد تنظیمیں ہیں لیکن پولیس ان کا بدلہ ایم کیو ایم کے کارکنان سے لے رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی پولیس شہر کے شریف اور سفید پوش لوگوں کو اٹھا کر نا معلوم مقام پر لے جاتی ہے پھر انہیں دھمکیاں دی جاتی ہیں کہ اگر انہوں نے پولیس کی مرضی کا بیان نہ دیا تو ان کی ماؤں بہنوں کی عزت محفوظ نہیں رہے گی۔

حیدرعباس رضوی کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کے کارکن سلمان کی شہادت کے موقع پر پولیس اہلکاروں نے کہا فہد عزیز سے کہا تھا کہ ایم کیو ایم زیادہ سے زیادہ تمھارے لئے بھی ایک آد سوگ اور ہڑتال کر لے گی، ایم کیو ایم کا کارکن نعمان بھی ہماری تحویل میں ہے اس کے ساتھ بھی ایسا ہی سلوک کیا جائے گا۔واضح رہے کہ گزشتہ رات کراچی پولیس کے اہلکار ایم کیو ایم کے کارکن فہد عزیز کو اس کی بارات سے واپسی پر شاہ فیصل کالونی سے گرفتار کر کے لے گئے تھے اور اسے شدید تشدد کا نشانہ بنایا گیا تھا۔