Live Updates

میر جعفر اور میر صادق جیسے لوگ ڈالر لے کر اپنے ہی عوام کو مروا رہے ہیں، عمران خان

اتوار 9 فروری 2014 18:14

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔9فروری۔2014ء) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ہمارے ملک میں میر جعفر اور میر صادق جیسے لوگوں کی کمی نہیں جو ڈالر لے کر اپنے ہی عوام کو مروا رہے ہیں۔ پشاور میں تقریب سے خطاب کے دوران عمران خان نے کہا کہ حکومت کو اس وقت کامیابی ملتی ہے جب عوام اس کی حمایت کرے، 10 سال سے ہم نے امریکا کی جنگ مول لے رکھی ہے لیکن اسے جیت نہیں پائے کیونکہ حکومت عوام کی سوچ کے بر خلاف امریکیوں سے ڈالر لے کر اقدامات کررہی ہے، حکومت نے ڈالروں کے بجائے اپنے ملک کے لئے فیصلہ کیا ہوتا تو یہ جنگ بہت پہلے ختم ہوچکی ہوتی۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں میر جعفر اور میر صادق نے اپنے مفاد کے لئے اپنی قوم کو غیر ملکیوں کے ہاتھ بیچا آج بھی ہمارے ہاں میر جعفر اور میر صادق جیسے لوگوں کی کوئی کمی نہیں۔

(جاری ہے)

یہ لوگ ڈالر لے کر اپنے لوگوں کو مروا رہے ہیں۔عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان دنیا کے ان ملکوں میں شامل ہے جہاں جنگلات سب سے کم ہیں، اگر ہم واقعی رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت پر چلتے تو پاکستان کی اس طرح تباہی نہ کرتے۔

انہوں نے کہا کہ خوش قسمتی سے خیبر پختونخوا میں جنگلات ہیں جنہیں ہمیں بچانا ہوگا کیونکہ یہ ہمارے مستقبل کا معاملہ ہے، انہوں نے کہا کہ پشاورکے تمام پارکس سےغیرقانونی قبضے کو ختم کیا جائے گا، تمام حکومتی ریسٹ ہاؤس کوکمرشل بنایا جائےگا اور اس سے حاصل ہونے والی آمدنی صوبے کے عوام کی فلاح کے لئے استعمال کی جائے گی۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :