کراچی میں متحدہ قومی موومنٹ کے زیر حراست کارکن فہد کو تشویشناک حالت میں نجی ہسپتال منتقل ،واقعہ کی خبر نشر ہونے پر پولیس کے اعلیٰ حکام نے تفتیشی افسر سمیت 4 پولیس اہلکاروں کو معطل کردیا ، محکمہ جانی کارروائی شروع، فہد عزیز سے مختلف مقدمات کے حوالے سے تفتیش کی جارہی ہے ،ملزم کو پیر کے روز عدالت میں پیش کیا جائیگا ، ایس ایس پی کراچی شرقی

اتوار 9 فروری 2014 14:07

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔9 فروری ۔2014ء) کراچی میں ایم کیوایم کے زیر حراست کارکن فہد کو تشویشناک حالت میں نجی ہسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ تشدد کے الزار میں چار اہلکاروں کو معطل کردیا گیا ہسپتا رائع کے مطابق ایم کیوایم کے زیر حراست کارکن فہد عزیز کو صبح ساڑھے سات سے آٹھ کے درمیان گلستان جوہر میں واقع نجی ہسپتال میں پولیس نے تشویشناک حالت میں منتقل کیا ہے۔

فہد رات گئے سے ایسٹ زون پولیس کی حراست میں موجود تھا۔ذرائع کے مطابق فہد عزیزہسپتال کی دوسری منزل پر آئی سی یو وارڈ میں زیرعلاج ہے۔ فہد عزیز کے جسم پر چوٹوں کے نشانات موجود ہیں۔فہد عزیز ایم کیو ایم کے یونٹ 79 کا کارکن ہے۔ فہد عزیز کو گزشتہ رات شاہ فیصل کالونی کے پل سے بارات لیے جاتے ہوئے گرفتار کیا تھا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب واقعہ کی خبر نشر ہونے پر پولیس کے اعلیٰ حکام نے تفتیشی افسر سمیت 4 پولیس اہلکاروں کو معطل کرکے ان کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی شروع کردی ۔

ادھر شاہ فیصل پولیس نے فہد عزیز کے خلاف مقدمہ درج کرکے اس کی باضابطہ گرفتاری ظاہر کردی ہے، ایس ایس پی کراچی شرقی پیر محمد شاہ نے کہا کہ ملزم کی گرفتاری شاہ فیصل تھانے کے روزنامچے میں درج ہے۔ فہد عزیز سے مختلف مقدمات کے حوالے سے تفتیش کی جارہی ہے۔ ملزم کو پیر کے روز عدالت میں پیش کیا جائیگا۔